ن لیگ کو ختم کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ،عابد شیر علی

Published on May 9, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 305)      No Comments

فیصل آباد (یوا ین پی )وزیرمملکت برائے انرجی چوہدری عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو ختم کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں عام انتخابات میں عوام کی اکثریت مسلم لیگ ن کو کامیاب کریگی ‘ مسلم لیگ ن کی قیادت پر جھوٹے الزامات لگا کر سستی شہرت حاصل کرنیوالے بری طرح سے ناکام ہونگے ،اور آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کے شیر ہی کامیاب ہونگے مسلم لیگ ن کے کامیاب جلسوں نے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں‘ ملک کے ہر شہر میں مسلم لیگ ن کے جلسوں میں عوام کا جوش وخروش اورجذبہ بتا رہا ہے کہ آنے والا دور بھی مسلم لیگ ن کا ہوگا ووٹ کو عزت دو کا نعرہ عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے ‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 108 ڈی ٹائپ کالونی کی سیاسی و سماجی شخصیت میاں اعجاز کی رہائش گاہ پر منعقدہ الیکشن 2018ء کے سلسلہ میں منعقدہ میٹنگ کے شرکاء سے کیا۔ اس موقع پر چوہدری خالد محمود‘ میاں سرور‘ ذوالفقار گجر‘ چوہدری منظور نمبردار‘ طاری اعوان‘ ملک امجد‘ ملک شہزاد کوارڈی نیٹر‘ میاں عبدالقیوم‘ عمیر میاں کے علاوہ مسلم لیگ ن کے ورکروں کی کثیرتعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج بہت بھیانک ہوں گے‘ ضلع فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کی مقبولیت کا سورج پوری آب وتاب سے چمک رہا ہے آنے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواربھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر ضلع کی تعمیروترقی اورعوام کی مثالی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف آئے دن عدالتوں کی پیشیاں بھگت رہے ہیں‘ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ جس شخص نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا‘ سی پیک لا کر پاکستان کو اقوام عالم میں منفرد مقام دلایا‘ موٹرویز کے جال بچھائے اور میگا پراجیکٹس کے ریکارڈ قائم کئے‘ ایسے شخص کو عدالتوں میں گھسیٹا جا رہا ہے‘ مگر باشعور عوام سب دیکھ رہے ہیں‘ اور وہ میاں محمد نواز شریف سے ہونے والی تمام زیادتیوں کا بدلہ 2018ء کے انتخابات میں ووٹ کی پرچی سے لیں گے۔اس موقع پر میاں اعجاز‘ میاں سرور‘ ذوالفقار گجر‘ چوہدری منظور نمبردار نے چوہدری عابد شیرعلی کو یقین دلایا کہ ہم آپ کو ایک مرتبہ پھر ریکارڈ ووٹوں سے جتوائیں گے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog