مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال پر گہری تشویش،قید وبند سے مرعوب نہیں کیا جاسکتا،سید علی گیلانی

Published on May 18, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 393)      No Comments

سرینگر(یواین پی ) کل جماعتی حریت کانفرنس(گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے متنازعہ جموں کشمیر کی بدترین زمینی صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کس قدر ستم ظریفی کا مقام ہے کہ بھارت کے وزیر اعظم کے مجوزہ دورہ ریاست سے قبل ہی ریاستی عوام کو فوجی حصار میں یرغمال بنایا گیا ہے۔ حریت رہنما نے انتظامیہ کے ہاتھوں قتل وغارت، ظلم وبربریت اور قیدوبند کی صعوبتوں میں مزید شدت لائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ استقبال رمضان کی تقدیس وتحریم میں ظالم اور جابر حکمرانوں کا بھی یہ شیوہ رہا ہے کہ وہ کم سے کم ان ایام متبرکہ میں مظلوم لوگوں کو قدرے راحت پہنچانے کی کوشش کرتے تھے، لیکن بدقسمتی کا مقام ہے کہ بھارت کے حکمران اور ان کے مقامی حامیوں نے ریاست جموں کشمیر کو ایک قتل گاہ کے علاوہ ایک بڑے جیل خانے میں تبدیل کرکے عام لوگوں کی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے۔ آر ایس ایس اور شیو سینا کے ایجنڈے کو ریاست جموں کشمیر پر نافذ کرنے کے عملی اقدامات کو ریاست کے مسلم اکثریتی کردار اور تہذیب وتمدن کو زوال پذیر کئے جانے سے تعبیر کرتے ہوئے حریت رہنما نے کہا کہ بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دورہ وادی کے پیشِ نظر مذکورہ فرقہ پرست قوتوں کو خوش کرنے کے لیے ریاست کے اطراف واکناف میں نوجوانوں کو فرضی الزامات کے تحت جیل خانوں کے دروازے کھولنے سے یہاں کے حریت پسند عوام کو کسی بھی طرح سے مرعوب اور مغلوب نہیں کیا جاسکتا۔ محمد رفیق اویسی اور بشیر احمد لون کو محض اس لیے بدنامِ زمانہ پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت صوبہ جموں کے جیلوں میں پابند سلاسل کیا گیا ہے، کیونکہ دونوں حریت پسند رہنماوں نمے حال ہی میں شہید ہوئے یونیورسٹی آف کشمیر کے اسسٹنٹ پروفیسر محمد رفیق بٹ کے جلوس جنازہ میں شرکت کی تھی۔ اسی طرح موجودہ حکمرانوں نے منظور احمد خان ساکن بٹہ مالو جنہوں نے 12سال سے زائد عرصہ جیل خانوں میں گزارا ہے کا PSAکالعدم ہونے کے باوجود سینٹرل جیل سرینگر میں بلاوجہ مقید رکھا ہے، جب کہ اس کی ماں اس وقت قریب المرگ درد میں مبتلا ہے۔ حریت راہنما نے ہائی کورٹ بار ایسوسیشن کے رکن ایڈوکیٹ شبیر بخاری کے علاوہ وزیر اعظم کے مجوزہ دورہ کے قبل ہی سوپور، بارہ مولہ، شوپیان، کولگام، اسلام آباد، بانڈی پورہ، سرینگر، بڈگام وغیرہ علاقہ جات میں نوجوانوں کی تازہ ترین گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان گرفتاریوں سے ریاستی عوام کے جذبہ حریت میں کوئی کمی نہیں آسکتی ہے۔ 

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Theme