ہارٹی کلچر سیکٹر کی ترقی کا 10 سالہ روڈ میپ تیار

Published on July 6, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 338)      No Comments

کراچی: (یوا ین پی) ہارٹی کلچر ویژن 2030 کی تعارفی تقریب ہفتہ 7جولائی کو کراچی میں منعقد ہوگی، سیاسی جماعتوں کے معاشی ماہرین شرکت کریں گے، روڈ میپ عام انتخابات سے قبل پیش کردیا جائے گا۔ہارٹی کلچر سیکٹر کی ترقی کے لیے 10 سالہ روڈ میپ کی تیاری کے لیے مشاورتی عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ عام انتخابات سے قبل روڈ میپ کو ماہرین کی رائے سے حتمی شکل دینے اور دستاویز کی شکل میں مرتب کرکے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو پیش کیا جائے گا۔ انتخابات کے نتیجے میں بننے والی وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس روڈ میپ میں دی گئی تجاویز پر عمل کرتے ہوئے ملک کی معاشی ترقی بالخصوص زرعی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرسکیں گی۔پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر وحید احمد کے مطابق روڈ میپ ایف پی سی سی آئی اور پی ایف وی اے نے مل کر تیار کیا ہے۔ روڈ میپ کو دستاویزی شکل دینے کے لیے ہارٹی کلچر ویژن 2030 کے نام سے قومی سطح کی کانفرنس رواں ماہ کے آخری ہفتے میں عام انتخابات سے قبل کراچی میں منعقد کی جائیگی۔ اس کانفرنس سے قبل تمام صوبوں میں اسٹیک ہولڈرز، صوبائی حکومتوں اور سرکاری محکموں اور متعلقہ وزارتوں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والے ماہرین مشاوتی عمل کے دوران سامنے آنے والے چیلنجز اور امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے قلیل، وسط اور طویل مدتی حکمت عملی تجویز کریں گے۔وحید احمد کے مطابق تعارفی تقریب میں سیاسی جماعتوں کے معاشی ماہرین کو روڈ میپ کے خدوخال، اغراض و مقاصد اور افادیت سے آگاہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا جائے گا کہ سیاسی جماعتیں اپنے انتخابی منشور اور انتخابی مہم کے دوران ہارٹی کلچر سیکٹر کی ترقی سے ممکنہ معاشی فوائد کو اجاگر کریں۔ ہارٹی کلچر ویژن 2030 عام انتخابات کے بعد وجود میں آنے والی حکومت کے لیے بھی ملک کو ترقی اور استحکام کے راستے پر ڈالنے میں معاون ثابت ہوگا اور وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہارٹی کلچر ویژن 2030 کی روشنی میں پالیسیاں مرتب کرکے سرمایہ کاری کو فروغ دیتے ہوئے پاکستان میں پھل سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ، معیار کی بہتری اور برآمدات میں اضافہ کو ممکن بنا سکے گی۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Themes