پشاور (یواین پی) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پنجاب کی نگراں حکومت پی ٹی آئی کی طفیلی بنی ہوئی ہے، ن لیگ کو دیوار سے لگانے کیلئے نیب کی کارروائیاں ہورہی ہیں ، ہماری پیشیاں ہورہی ہیں اور وہ کیک پیسٹریاں کھا رہے ہیں اور ایسے میں الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے، عوامی رائے عامہ مسلم لیگ ن کے حق میں ہے اور ہم یہ الیکشن جیت رہے ہیں۔
پنجاب کی نگراں حکومت پی ٹی آئی کے اشاروں پر چل رہی ہے جس نے 13 جولائی کو ہمارے سینکڑوں بے گناہ لوگوں کو گرفتار کرلیا ۔ ہماری ریلی جیسی جذبات والی ریلی کسی نے آنکھ نے پہلے لاہور میں کبھی نہیں دیکھا پورا لاہور امڈ آیا تھا، باہر سے آنے والے ہمارے قافلوں کو روکا گیا ، امیر مقام تین ہزار گاڑیوں کا جلوس لے کر آئے انہیں بھی روکا گیالیکن اس کے باوجود لاکھوں کا سمندر تھا اور ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹا اس لیے کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ ہم پاکستان کے معمار اور خادم ہیں ، ہم اپنی ہی بنائی گئی چیزوں کو کیسے توڑ سکتے ہیں۔اگلے دن پنجاب کی حکومت نے پی ٹی آئی کے کہنے پر ہمارے خلاف ایف آئی آر کاٹی اور اس میں دہشت گردی کی دفعات لگادیں۔ اس کے بعد کسی کو شبہ نہیں رہنا چاہیے کہ پنجاب کی نگراں حکومت پی ٹی آئی کی طفیلی ہے اور اس کے اشاروں پر ناچ رہی ہے۔ن لیگ کو دیوار سے لگانے کیلئے نیب کی کارروائیاں ہورہی ہیں ، ہماری پیشیاں ہورہی ہیں اور وہ کیک پیسٹریاں کھا رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے۔ عمران خان جھوٹ بولتے ہیں پی ٹی آئی اور پنجاب حکومت ایک ہیں اور ان میں کوئی فرق نہیں ہے عوامی رائے عامہ مسلم لیگ ن کے حق میں ہے اور ہم یہ الیکشن جیت رہے ہیں، پنجاب ، کے پی اور سندھ میں ہماری حکومتیں ہوں گی۔