کامیاب انسان وہ ہے جس کی عمر لمبی ہواوراس کی نیکیاں زیادہ ہوں صدیقی لاثانی سرکار 

Published on August 9, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 260)      No Comments

فیصل آباد (یواین پی)ناظم اعلیٰ آل پاکستان صوم وصلوٰۃ کمیٹی صوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکار نے مرکزی سیکریٹریٹ پر روحانی تربیتی نشست کے شرکاء کو ’’دنیا اورآخرت کی زندگی کوپرسکون بنانے کے سنہرے اصول ‘‘بتاتے ہوئے کہاکہ زندگی اورآخرت کوپرسکون بنایا جاسکتاہے ،زندگی بہت قیمتی چیز ہے ،اسے ضائع مت کریں،حضور ﷺ نے فرمایا کہ سب سے بہترین شخص وہ ہے جس کی نیکیاں بھی زیادہ ہوں اورعمر بھی لمبی ہو،ہم نے آپ کی جان،اولاد اورکاروبارکی حفاظت کیلئے ’’خزانے‘‘نام کی کتاب شائع کی ہے جس میں صبح وشام کی چھوٹی چھوٹی حفاظتی دعائیں لکھی ہوئی ہیں ان کو پڑھیں ،گھر سے نکلتے وقت پڑھ کرنکلیں ،اس کے علاوہ وہ دعائیں آپ اپنے گھر والوں کوبھی بتائیں اورانہیں یاد کروائیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ آپ عورتوں کوپردے اورنماز کی پابندی کروائیں،وقت بربادنہ کریں۔بیٹھے بیٹھے کسی پربہتان لگادینااوراس کے بارے میں غلط گمان کرلیناکہ اس نے کچھ کردیاہے،فلاں نے یہ کردیافلاں نے تعویز کردیا،ایسا کہنے سے بچیں کیونکہ بدگمانی بھی گناہ ہے،اگر اس نے آپ کے بارے میں ایسی باتیں نہیں کی ہیں تو پھرآپ اس پر الزام لگائے جارہے ہیں جوصریحاً گناہ ہیں ۔خودبھی اوراپنے گھروالوں کوبھی رزق حرام سے بچائیں ،کیونکہ حرام رزق ،حرام کاموں کی طرف ہی لیکرجائیگا،جبکہ رزق حلال کھانے والوں کوہی قلبی سکون عطا ہوتاہے ۔کھاناکھانے لگیں تو اپنے بچوں کوساتھ بٹھائیں اوربسم اللہ شریف پڑھ کرسنت مصطفی ﷺ کیمطابق بیٹھ کرسیدھے ہاتھ سے کھائیں اورکھانے پر فاتحہ پڑھ لیں،ایک مرتبہ الحمدشریف پڑھیں اورتین مرتبہ قل شریف پڑھکراللہ تعالیٰ کی بارگاہ اقدس میں ہدیتہ پیش کریں،پھرحضورنبی کریمﷺ اورپھر بوسیلہ حضورنبی کریم ﷺ انبیاء کرام ؑ ،ازواج مطہراتؓ ،خلفائے راشدینؓ اورصحابہ کرامؓ کی بارگاہ اقدس میں پیش کریں اس کے علاوہ اس کلام اورطعام کواپنے فوت شدگان کی خدمت میں ایصال ثواب کریں۔آپ نے مزیدکہاکہ اپنے بچوں کودین کی ایسی بہترین تعلیمات پر لگادیں تاکہ وہ صراط مستقیم پرچلنے والے بن جائیں، اگرآپ اپنے بچوں کے سامنے ہروقت دنیاداری کی ہی باتیں کرتے رہیں گے اورگالیاں نکالتے رہیں گے توپھر آپ کے بچے آپ سے یہی کچھ سیکھیں گے اوریہی تربیت ان کی دنیا وآخرت کوبربادکردیگی اورپھر ایسے بچے خود ہر وقت گالیاں دیں گے ،جھوٹ بولیں گے ۔آپ لوگ بعد میں روتے پھرتے ہیں کہ ہمارے بچے نافرمان ہوگئے ہیں۔اس کی بنیاد ی وجہ ہی یہ ہے کہ ہمارے گھر وں کاماحول ٹھیک نہیں ہے،گھرکی تعلیم وتربیت ہی بچوں کی زندگیوں پر اثر انداز ہوتی ہے،اسلئے ہمیں اپنے گھروں کواللہ ورسولﷺ کے ذکرسے آباد کرناہے تاکہ ہماری نسلیں اللہ ورسولﷺ سے عشق ومحبت کرنیوالی بنیں۔محفل پاک کے اختتام پر آپ نے ملک وملت کی سلامتی اوراستحکام کیلئے خصوصی دعافرمائی۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme