ایشیاء کپ :فخر زمان بھارت کے خلاف سنچری کے متمنی

Published on August 14, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 189)      No Comments

کراچی (یواین پی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار اوپنر فخر زمان نے ایشیاء کپ میں بھارت کیخلاف میچ میں سنچری بنانے کا عزم ظاہر کر دیا۔ گزشتہ روز انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ روایتی حریف کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں جیسی کارکردگی دکھائی تھی۔ ان کی کوشش ہوگی کہ ویسی پرفارمنس ایشیا ء کپ میں بھی پیش کریں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ بھارت کے علاوہ دیگر میچوں میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔ فخر زمان نے بتایا کہ ان دنوں وہ صرف میگا ایونٹ کی تیار ی کر رہے ہیں اور امید ہے کہ ٹورنامنٹ میں وہ قومی ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ انفرادی ہدف مقرر کرنے پر یقین نہیں رکھتے اور ہر میچ اور سیریز کے حساب سے اچھی پرفارمنس کیلئے کوشش کی جاتی ہے۔ فخر زمان کے مطابق ان کی کامیابی کی وجہ یہی ہے کہ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور ان میں کافی اعتماد بھی آیا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے سینئر کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا موقع ملا اور ا ن سمیت حسن علی، شاداب خان، فہیم اشرف پی ایس ایل سے سامنے آئے۔ فخر زمان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کا ڈویلپمنٹ پروگرام پاکستان کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کیلئے بہترین ہے اور وہ خود کو اس پلیٹ فارم سے دنیا کے سامنے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقوں میں ٹیلنٹ موجود ہے لیکن سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے وہ ضائع ہورہا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog