عمران خان نے حلف اٹھالیا، کن کن باتوں کا حلف لیا ہے ؟آپ بھی جانئے

Published on August 18, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 287)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بطور 22 ویں وزیر اعظم پاکستان حلف اٹھالیا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے ایوان صدر میں ان سے حلف لیا ، عمران خان نے ذیل میں دیے گئے الفاظ میں حلف اٹھایا۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
میں عمران احمد خان نیازی صدق دل سے حلف اٹھاتا ہوں کہ میں مسلمان ہوں اور وحدت و توحید اور قادر مطلق اللہ تعالیٰ کتاب الہٰیہ جن میں قرآن پاک خاتم الکتب اور نبوت حضرت محمد ﷺ بحیثیت خاتم النبیین جن کے بعد کوئی نبی نہیں آسکتا روز قیامت اور قرآن پاک اور سنت کی جملہ مقتدیات و تعلیمات پر ایمان رکھتا ہوں۔
کہ میں خلوص نیت سے پاکستان کا حامی اور وفادار رہوں گا کہ بحیثیت وزیر اعظم پاکستان میں اپنے فرائض و کارہائے منصبی ایمانداری اپنی انتہائی صلاحیت اور وفاداری کے ساتھ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور اور قانون کے مطابق اور ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری سالمیت استحکام یکجہتی اور خوشحالی کی خاطر انجام دوں گا۔کہ میں اسلامی نظریے کو برقرار رکھنے کے لیے کوشاں رہوں گا جو قیام پاکستان کی بنیاد ہے کہ میں اپنے ذاتی مفاد کو اپنے سرکاری کام یا اپنے سرکاری فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہونے دوں گا۔
کہ میں اسلامی جموریہ پاکستان کے دستور کو برقرار رکھوں گا اور اس کا تحفظ اور دفاع کروں گا اور یہ کہ میں ہر حالت میں ہر قسم کے لوگوں کے ساتھ بلا خوف ورعایت اور بلارغبت و عناد قانون کے مطابق انصاف کروں گا اور یہ کہ میں کسی شخص کو بلاواسطہ یا بالواسطہ کسی ایسے معاملے کی نہ اطلاع دوں گا اور نہ ظاہر کروں گاجو بحیثیت وزیر اعظم پاکستان میرے سامنے غور کیلئے پیش کیا جائے گا یا میرے علم میں آئے بجز جبکہ بحیثیت وزیر اعظم اپنے فرائض کی کماحقہ انجام دہی کیلئے ایسا کرنا ضروری ہو۔
اللہ تعالیٰ میری مدد اور رہنمائی فرمائے

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog