وورسیسٹر ۔۔۔ کاؤنٹی چیمپئن شپ ڈویژن ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ میں سعید اجمل کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت وورسیسٹرشائر نے گلیمورگن کو با آسانی 249 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ اجمل کی جادوئی سپن باؤلنگ کے سامنے گلیمورگن کے بلے باز سنبھل کر نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اجمل نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں، پہلی اننگز میں اجمل نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ وورسیسٹرشائر نے اپنی دوسری اننگز 299 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر کے گلیمورگن کو فتح کیلئے 354 رنز کا ہدف دیا تھا، معین علی نے 80 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ گلیمورگن کی ٹیم دوسری اننگز میں سعید اجمل کی جادوئی سپن باؤلنگ کا مقابلہ نہ کر سکی اور پوری ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ اجمل نے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔