قاہرہ (یواین پی)مصرکے صدرعبدالفتاح السیسی نے پہلی مرتبہ ایک قبطی عیسائی خاتون منال عواد میخائل کو ایک صوبے کا گورنرمقرر کردیا ، خاتون سمیت مختلف صوبائی گورنروں سے ان کے عہدے کا حلف لیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصری صدرعبد الفتاح السیسی نے منال عواد میخائل کو صوبہ دمیاط کی نئی گورنر مقرر کیا ہے۔اس سے پہلے وہ صوبہ جیزہ کے گورنر کی نائب کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔قبطی عیسائی مصرکی کل آبادی قریبا 10 کروڑ کا 10 فیصد ہیں اوروہ ایک طویل عرصے سے امتیازی سلوک کی شکایت کرتے چلے آرہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی اعلی حکومتی عہدوں پر نمائندگی نہیں ہے۔واضح رہے کہ مصر کی موجودہ کابینہ میں 8 خواتین وزرا شامل ہیں،جو ملک کی جدید تاریخ میں خواتین کی یہ سب سے زیادہ نمائندگی ہے۔