شہباز شریف کا گیس قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

Published on September 18, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 165)      No Comments

لاہور: (یواین پی) قائدِ حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے حکومت سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔میاں شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریلیف کے نام پر ووٹ لینے والی حکومت نے غریبوں، مزدوروں، کمزور اور متوسط طبقات سے ریلیف چھین لیا، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کھلا دھوکا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ کیا گیا، حالیہ اضافے سے عوام پر اربوں کا بوجھ پڑے گا۔ اس حکومت کی کوئی پالیسی نہیں صرف تجربات ہو رہے ہیں، اس ظلم کے نتیجے میں مہنگائی اور بڑھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے، گیس کی قیمتوں میں 10 سے 143 فیصد تک اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ گیس قیمتوں میں اضافے سے غریب اور متوسط طبقات کے گھروں کے چولہے بجھ جائیں گے۔انہوں نے گیس قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام صریحاً ظلم، زیادتی اور ناانصافی ہے، اسے فی الفور واپس لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ 60 فیصد گھریلو صارفین کے لیے پندرہ سے تیس فیصد گیس مہنگی کی گئی جبکہ صنعت اور صنعتی صارفین کو بھی بڑی مشکل میں ڈال دیا۔قائدِ حزبِ اختلاف کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے جس مہنگائی کے طوفان کو روکا، تحریک انصاف نے آزاد کر دیا ہے، ہر دن یہ ثابت کر رہا ہے کہ حکومت کی کوئی پالیسی نہیں، حکومت صرف عوام پر تجربات کر رہی ہے، ظالمانہ اضافہ واپس لیا جائے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog