یوم عاشور: ملک کے بیشتر حصوں میں موبائل فون سروس معطل

Published on September 21, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 284)      No Comments

لاہور/کراچی/اسلام آباد/کوئٹہ(یواین پی) یوم عاشور کے موقع پر شہر قائد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند ہے جبکہ کئی شہروں میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی عائد ہے۔دوسری جانب وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔امن و امان کے تناظر میں ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس معطل ہے ۔ذرائع کے مطابق موبائل فون سروس جلوسوں کے روٹس پر بند ہوگی جو کہ جلوسوں کے اختتام تک معطل رہے گی،ملک بھر میں امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج ، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں۔جبکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعے کے پیش نظر تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ ہے اور تمام ایم ایس صاحبان کو ڈاکٹروں اورپیرا میڈیکل اسٹاف کو الرٹ رکھنے اور ادویات کا متعلقہ اسٹاک پورا رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔دوسری جانب چمن میں پاک افغان سرحد پر باب دوستی اور تفتان میں پاک ایران سرحد پر زیرو پوائنٹ اور راہداری گیٹ دو روز کے لیے بند کر دیئے گئے ہیں۔سیکریٹری داخلہ سندھ کے مطابق حیدرآباد، شہید بے نظیرآباد، خیرپور اور لاڑکانہ میں بھی موبائل فون سروس بند ہے، سیکریٹری داخلہ کا کہنا ہے کہ عوام کی سہولت کیلئے شہر بھر میں موبائل سروس بند نہیں ہوگی تاہم صرف جلوسوں کی گزرگاہوں اور اطراف میں سروس کو معطل کیا جائے گا،موبائل فون سروس صبح 7 تا رات 12 بجے تک بند رہے گی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy