بجلی چور ہو جائیں ہوشیار ،پنجاب بھر میں آج سے کریک ڈاؤن کا آغاز ہو گا

Published on October 29, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 248)      No Comments

اسلام آباد(یواین پی)وفاقی حکومت کے احکامات پر  آج  سے پنجاب بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جا ئے گا،پنجاب بھر میں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس فیصلے کا مقصد یہ ہے کہ کسی دوسرے کی چوری یا بد انتظامی کا خمیازہ عوام نہ بھگتیں،اس سلسلہ میں پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی چوروں کو میڈیا کے ذریعے پہلے وارننگ دی گئی اور اب کل سے پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن شروع ہو گا ۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزارت توانائی کے حکم پر پورے پنجاب میں گھریلو، تجارتی اور صنعتی علاقوں میں بجلی چوروں کےخلاف ایکشن لیا جا ئے گا۔پاور ڈویژن حکام کے مطابق ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے علاقوں میں بجلی چوری کےخلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔وفاقی حکومت کے فیصلے کے تحت پہلے مرحلے میں پنجاب سے بجلی چوروں کا صفایا کرکے لائن لاسزکا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔وفاقی وزارت توانائی کے طے کردہ اہداف کے مطابق دوسرے مرحلے میں سندھ ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں  اسی نوعیت کا آپریشن کیا جائے گا۔وفاقی حکومت کے فیصلے کے تحت بجلی چوروں کو سخت سزائیں دی جائیں گی اور جرمانے بھی عائد کئے جائیں گے۔واضح رہے کہ  وفاقی حکومت نے سال رواں میں 150 ارب روپے کی بجلی چوری اور لائن لائسز کو کم کرنے کا ٹارگٹ متعین کیا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Themes