فیصل آباد (یواین پی)امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان صوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکارنے لاثانی سیکرٹریٹ پر ’’کشمیر ڈے ‘‘کے حوالے سے منعقدہ مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی حکمران حکمت وجرات سے مسئلہ کشمیر عالمی فورم پراٹھاتے تو آج تک کشمیرآزاد ہوچکاہوتا۔باطنی طور پر اللہ ورسولﷺکی بارگاہ اقدس سے تو اس خطے کافیصلہ مسلمانوں کے حق میں ہوچکاہے۔عالمی فورمز پراس مسئلہ کیخلاف آواز اٹھانے میں حکمرانوں نے انتہائی بزدلی کامظاہرہ کیاہے جس کے سبب آج تک لاکھوں مردوخواتین،بوڑھے ،نوجوان اوربچے اپنی جانوں کی قربانیاں دے چکے ہیں۔’’ایمنسٹی انٹرنیشنل ‘‘اور’’ایشاواچ‘‘سمیت خود بھارت کے اہل دانش اورانسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی پر سراپا احتجاج ہیں کیونکہ بھارتی حکمرانوں نے کشمیریوں کوحق رائے دہی سے محروم کرکے برصغیر پاک وہند کے ایک ارب انسانوں کامستقبل داؤ پر لگادیا ہے حالانکہ اس خطے کے لوگ امن چاہتے ہیں کیونکہ امن میں ہی ہم سب کی بقا،عافیت اورسلامتی ہے ۔ہمارے میڈیا کو بھی اس میں ایسا بھرپور کردار اداکرنا چاہیے کہ اقوام متحدہ سمیت اقوام عالم میں انسانی حقوق کی تنظیمیں اپنا موثر کردار اداکرنے پر مجبورہوجائیں۔اجلاس کے اختتام پر آپ نے امت مسلمہ کی ترقی وخوشحالی اوراتحاد ویگانگت کیلئے خصوصی دعاکی