حیدرآباد میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کے خلاف کچی آبادیوں کے سینکڑوں مکینوں کا شدید احتجاج 

Published on January 12, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 317)      No Comments

حیدرآباد(رپورٹ*جنید علی گوندل)حیدرآباد میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کے خلاف کچی آبادیوں کے سینکڑوں مکینوں کا شدید احتجاج ، آپریشن منسوخ کرنے کا مطالبہ ، حیدرآباد کی مختلف کچی اور غیر قانونی آبادیوں کے سینکڑوں مکینوں نے حیدرآبادپریس کلب سمیت شہر کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے ان میں ریلوے لائن سے متصل قائم آبادیوں کے مکین بھی شامل تھے۔ مظاہروں اور احتجاجی ریلیوں میں خواتین و بچے بھی شامل تھے جو مطالبہ کررہے تھے کہ انہیں بیدخل نہ کیا جائے یا پھر متبادل جگہ فراہم کی جائے ہم برسوں سے یہاں رہائش پذیر ہیں کاروائی ان عناصر کے خلاف کی جائے جنہوں نے پیسے لیکر ہمیں یہاں بسایا اور فردِ حقیت دی دوسری جانب ابھی تک ضلعی انتظامیہ نے ان ناجائز مکینوں کو نوٹس ہی دیئے ہیں عملی طور پر کوئی کاروائی نہیں کی ہے اور وہ سیاسی عناصر جنہوں نے ووٹ لینے کے چکر میں انہیں آباد کیا تھا وہ ان مظاہرین کو اکسا رہے ہیں اس سے قبل بھی نہروں کے کناروں پر آباد ناجائز مکینوں کی پشت پناہی کرتے ہو ئے ایک سیاسی جماعت کے لوگوں نے ڈپٹی کمشنر کا تبادلہ کرادیا تھااور کاروائی رکوادی تھی تاہم اس وقت عام انتخابات قریب تھے لیکن اب پھر ایسے ہی عناصر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کو متنازعہ بنانے میں لگے ہو ئے ہیں ۔

حیدرآباد میں چوتھے لیٹریچر فیسٹول کا افتتاح ، ادیبوں ،شاعروں ، دانشوروں او ر صحافیوں سمیت اہلِ ذوق کی بڑی تعداد میں شرکت 
حیدرآباد(رپورٹ*علی رضا رانا)حیدرآباد میں چوتھے لیٹریچر فیسٹول کا افتتاح ، ادیبوں ،شاعروں ، دانشوروں او ر صحافیوں سمیت اہلِ ذوق کی بڑی تعداد میں شرکت ، کتب میلہ تین دن جاری رہے گا اکیڈمی فار دی پروموشن آف آرٹ اینڈ لٹریسی کی جانب سے چوتھے حیدرآباد لٹریچر فیسٹول کا افتتاح جمعہ کی شام سکریٹری ثقافت سندھ علی اکبر لغاری نے کردیا ،فیسٹول تین دن جاری رہے گا اس کتب میلہ میں ملک بھر سے ادباء،شعراء ، صافی اورفن کار شرکت کریں گے ایچ ایل ایف کے چیف آرگنائزر اظہار سومرو نے بریفنگ دیتے ہو ئے کہاکہ 11جنوری کو شروع ہونے والا فیسٹول 13جنوری تک جاری رہے گاجس میں مختلف عنوانات کے تحت مذاکرے و مباحثے ہو نگے ان سے سعید منگی ، ڈاکٹر نعمت اللہ خلجی ، ڈاکٹر زبیدہ جونیجو ، نازیہ عباسی اور یاسر قاضی ، بے خودی ، کے موضوع پر اظہار خیال کریں گے اس کے بعد معاشرے میں ادبی میلہ کے عنوان سے نور الہدیٰ شاہ ، جامی چانڈیو ، امینہ سید ، نیاز پنہور ، ارشد سعید حسین ،سید احمد شاہ ،حمیر سومرو،ڈاکٹر شیخ تنویر ،نصیر گوپانگ ،نیاز ندیم ،منیزہ انعام اور ڈاکٹر ایوب شیخ خطاب کریں گے انہوں نے کہا کہ تیسرا پروگرام میڈیاسے متعلق ہے جس کے میزبان امتیاز خان فاران ہو نگے اس موقع پر غلام نبی مورائی ، نذیر لغاری ، جی ایم جمالی گفتگو کریں گے یہاں فہمیدہ ریاض کی زندگی کے متعلق بھی ایک نشست ہو گی مہتاب اکبر راشدی ، ڈاکٹر آصف فاروقی ، نجمہ منظور چانڈیو ، روبینہ ابڑو اور چندر کیسوانی اظہا رِ خیال کریں گے فیسٹول میں تعلیم سے متعلق بھی سیمینار ہو گا جس سندھ کے وزیر تعلیم اور خواندگی سید سردار علی شاہ ، ڈاکٹر سنتوش کامرانی ، لطیف صدیقی اور اظہار سومرو خطاب کریں گے اس کے بعد تقسیمِ ایوارڈ کی تقریب صوفی و ثقافتی رنگ کی محفل ہو گی میلہ میں شاہ لطیف ؒ کی سگھڑ کچہری،لطیف سائیں جا سگھڑ منعقد ہو گی اس میں سلیم لطیفی بھٹو ، قلندر بخش جمالی ، فقیر نیاز حسین مری ، محبت فقیر اور غلام رسول چانڈیو شریک ہو نگے بعد ازاں رسول بخش پلیجو ایک انقلابی ، کے عنوان سے نشست ہو گی جس سے نور الہدیٰ شاہ ، جامی چانڈیو اور عامر رضا میمن خطاب کریں گے اس کے بعد سندھی کی مختصر کہانی کے عنوان سے پروگرام ہو گا جس سے شوکت علی شورو ، مدد علی سندھی اور کاشف صدیقی اظہار خیال کریں گے اورسجاد گھلو شارٹ اسٹوری پڑھیں گے میلہ میں ڈاکٹر عبدالکریم راجپر کی تیارکردہ دستاویزی فلم چار قسطیں دکھائی جائیں گی اس موقع پر مہوش عباسی اظہار خیال کریں گی اور رات میں مچ کچھری منعقد ہو گی جس میں سلیم لطیفی بھٹو ،قاضی بدر الدین ،محمد جمن بھٹی ،محمویعقوب جاکھرانی محمد علی اترادی ،علی اکبر اداسی ، الھڈنو بروہی عاجز رحمت اللہ اور دیگر شامل ہو نگے ۔

پاکستان پیپلز پارٹی آج کوٹری میں میدان سجائے گی‘بلاول بھٹو زردای خطاب کرے گے
حیدرآباد(بیورورپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو 12 جنوری کو کوٹری کے ایک روزہ دورے پر پہنچیں گے جہاں وہ کوٹری فلائی اُوور کا افتتاح کریں گے اور بعد میں کوٹری کے سچل گراؤنڈ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرینگے۔ بلاول بھٹو کوٹری کے رُکن صوبائی اسمبلی ملک اسد سکندر کی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے بھی ملاقات کریں گے۔ کوٹری فلائی اوور جس کی لمبائی تقریباً سوا دو کلو میٹر ہے اور یہ 6 رویہ فلائی اوور ہے جوکہ 22ماہ میں مکمل ہوا ہے۔ اس فلائی اوور سے کوٹری سے جامشورو اور دیگر مقامات کیلئے ٹریفک کو گزارا جائے گا۔ فلائی اوور سے کوٹری سے کراچی ، نوری آباد، دادو ، لاڑکانہ ، ٹھٹھہ اور دیگر شہروں کو جانے والی ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی ۔ فلائی اوور کے افتتاح کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں ۔ کوٹری میونسپل کارپوریشن کے خاکروب صفائی کے کاموں میں مصروف ہیں ، جبکہ جلسے کے حوالے سے سچل گراونڈ میں تیاریاں جاری ہیں۔ بڑا اسٹیج بنایا گیا ہے اور ہزاروں کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ بلاول بھٹو کی آمد کے موقع پر سیکورٹی کے بھی خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بلاول ہاؤس کی سیکورٹی انچارج نے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے میزبان رُکن صوبائی اسمبلی ملک اسد سکندر سے ملاقات کی۔ پہلے کوٹری فلائی اوور کے ساتھ ساتھ جامشورو فلائی اوور کا بھی بلاول بھٹو کا افتتاح کرنا تھا لیکن سیکورٹی وجوہات کی بناء اب جامشورو فلائی اوور کے افتتاح کی تقریب موخر کردی گئی ہے اب صرف کوٹری فلائی اوور کا افتتاح کریں گے۔

انصاف کی فراہمی کیلئے قاسم آباد کے رہائشی مشتاق علی چانگ کی اعلی احکام سے اپیل
حیدرآباد(بیورورپورٹ)قاسم آباد کے رہائشی مشتاق علی چانگ نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلی حکام سے اپیل کی کہ مجھے میرا حق دلوا کر میرے خاندان کی حفاظت کو یقینی بنا یا جائے اور مجھے انصاف فراہم کیا جائے ۔انہوں نے بتا یاکہ دیہہ مرزا پور اور شاہ بخاری میں میری 207ایکڑ آبائی زمین ہے جس پر چوہدری ذوالفقار آرائیں اور چوہدری جمیل آرائیں نے بلڈر مافیا اور محکمہ روینیو کے افسران سے ملی بھگت کرکے جعلی دستاویز بنا کر اس زمین پر قادر اوینیو،صادق لیونا،المصطفی بنگلوز، پام سٹی،صائمہ بنگلوزاور دو سی این جی اسٹیشن قائم کر لئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی سرکاری زمین پر بھی قبضہ کیا ہے ،انہوں نے بتا یاکہ زمین پر قبضہ کے خلاف احتجاج کرنے اور قانونی چارہ جوئی کرنے پر مجھ پر اور میرے بیٹوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرادیئے ہیں اور ہمیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے ہم عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔

لاپتہ کئے گئے ہمارے چار افراد کو بازیاب کروایا جائے‘ شاہنوازچارن اور جہانزیب کی مشترکہ پریس کانفرنس
حیدرآباد(بیورورپورٹ)قاسم آباد کے رہائشیوں شاہنوازچارن اور جہانزیب نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لیکر چاروں افراد کو فوری بازیاب کرا یا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لاپتہ کئے گئے چار افراد کو فوری طور پر بازیاب کرا کر ہمارے پلاٹ پر غیر قانونی قبضے کرکی کوشش کا نوٹس لیا جائے ،انہوں نے بتا یاکہ حیدرآباد کے علاقے چوڑی مارکیٹ میں ہمارے ایک پلاٹ میئر حیدرآباد غیر قانونی طریقے سے قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور تین روز قبل اس سلسلے میں ہمارے چار افراد نعیم قریشی،شاہ زیب چارن،محمد صدیق انصاری اورامجد میرانی جب میئر حیدرآباد سید طیب حسین سے ان کے آفس میں ملاقات کرکے جیسے ہی باہر آئے تو چاروں افراد کو میئر کے کہنے پر باہر موجود مسلح افراد اپنے ساتھ اغواء کرکے لے گئے جن کا ابتک کوئی پتہ نہیں ہے ، انہوں نے بتا یاکہ اس معاملے پر ہم نے مقامی عدالت میں بھی درخواست دی ہے ۔
متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی انقلابی جدوجہد میں خواتین کا کردار قابل ستائش ہے‘ ظفر احمد صدیقی
حیدرآباد(بیورورپورٹ)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی انقلابی جدوجہد میں خواتین کا کردار قابل ستائش ہے ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) حیدر آباد ڈسٹرکٹ آرگنائزر ظفر احمد صدیقی نے ڈسٹرکٹ آفس ایم کیوایم شعبہ خواتین کی ذمہ داران کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیااجلاس میں ایم کیوایم حیدر آباد کے جوائنٹ آرگنائزر عمر الوری بھی موجود تھے ۔انہو ں نے مزید کہاکہ ایم کیوایم کی انقلابی جدوجہد میں بے شمار خواتین نے اپنی جانوں کا نذرنہ دیا اور آج بھی مشکل وقت میں تنظیم کے ساتھ کھڑی ہیں ایسی خواتین مظلوم قوم کیلئے باعث فخر ہیں انہوں نے کہاکہ حیدر آباد شہر میں ایم کیوایم ایک بار پھر تاریخ جلسہ کرنے جارہی ہے اور اس جلسہ گاہ کو یقیناًہماری خواتین بھر دیں گی ۔ اس موقع پرایم کیوایم حیدر آباد کے جوائنٹ آرگنائزر عمر الوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حیدر آباد شہر حق پرست ماؤں اور بہنوں کا شہر ہے اور 18جنوری کو حق پرست مائیں اور بہنیں ایم کیوایم کے جلسہ عام کو ایک تاریخی جلسہ بنادیں گی اور حق پرستانہ جدوجہد کے دشمنوں کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملادیں گی ۔

حیدرآباد میں پولیس کی کاروائیاں ، تالہ توڑ گروہ کا سرغنہ گرفتار 
حیدرآباد(بیورورپورٹ)حیدرآباد میں پولیس کی کاروائیاں ، تالہ توڑ گروہ کا سرغنہ گرفتار ،چپل مارکیٹ اور ربڑ شیٹ مارکیٹ میں دکانوں کے تالے توڑ کر چوری کرنے والے گروہ کے سرغنہ محمد عرفان ولد عبدالرحمن شیخ سکنہ قاضی عبد القیوم روڈ کو مارکیٹ پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اس کے قبضہ سے چوری کردہ 16750روپے نقد ایک پسٹل مع میگزین و گولیاں اور شٹر توڑنے کے آلات برآمد کرلیے ہیں ملزم عرفان عادی مجرم ہے اس سے قبل بھی اس کے خلاف16مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں ایس ایچ او مارکیٹ نے اس سے برآمدرقم متاثرہ دکاندار کے حوالہ کردی ہے تھانہ Bسیکشن لطیف آباد نے لطیف آباد یونٹ نمبر10بچاؤ بند کے قریب 2مشکوک افراد کو روکا تو مبینہ طور پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی پولیس کی جوابی فائرنگ سے راشد پاہی ولد علی اکبر پاہی سکنہ گوٹھ عبدالحمید جتوئی میہڑ ضلع دادو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگرفتار ملزم کے قبضہ سے ٹی ٹی پسٹل مع میگزین اور گولیاں برآمد کی ہیں جبکہ اسکا دوسرا ساتھی فرار ہو گیا ملزم پولیس کو کئی مقدمات میں مطلوب تھا ۔

حیسکو ریجن کے چاروں آپریشن سرکلز میں آج کے دن کھلی کچھریوں کا انعقاد کیا جائے گا
حیدرآباد(بیورورپورٹ)وزارت انرجی پاور ڈویژن کے احکامات پر حیسکو چیف ایگزیکٹو آفیسر رحم علی اوٹھو کی ہدایات ہیں کہ حیسکو ریجن کے چاروں آپریشن سرکلز میں بروزہفتہ کے دن کھلی کچھریاں لگاکر بجلی صارفین کے مسائل سننے اور موقع پر حل کیاجائے حیسکو ترجمان کے مطابق مورخہ 12 جنوری بروز ہفتہ صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک کھلی کچھریاں لگائی جائیں گی جس کے تحت آپریشن سرکل حیدرآبادکے ڈویژن لطیف آباد،آپریشن سرکل لاڑ کے ڈویژن ٹھٹھہ ،آپریشن سرکل میرپورخاص سرکل کے ڈویژن ڈگری اورآپریشن سرکل نوابشاہ ڈویژن اور سانگھڑ میں عوام الناس وصارفین کیلئے کھلی کچھریاں لگائی جائیں گی عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس موقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرکے اپنے بجلی کے بلوں کے متعلق مسائل کو فوری حل کروائیں۔ 

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy