المراد پروڈکشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر بی اے خرم کا مرزا مختار بیگ کے اعزاز میں ظہرانہ

Published on February 27, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 384)      No Comments

لاہور(یواین پی)المراد پروڈکشن اینڈ آرٹ اکیڈمی کے جنرل سیکرٹری و رائٹر ڈاکٹر بی اے خرم نے بورے والا ہومیو پیتھک ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے بانی چیئرمین ڈاکٹر مرزا مختار بیگ جو کہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے جا رہے ہیں کے اعزاز میں ایک ظہرانہ دیا اور انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارک باد بھی دی ظہرانہ میں ڈاکٹراحسن رشید،ڈاکٹررانا محمد فہیم،ڈاکٹر ابرار احمد،ڈاکٹرعبدالمجید،ڈاکٹر سلیم احمد،ڈاکٹر زاہد حسین،ڈاکٹر امجد نصیر،ڈاکٹرمنصور شاہد،ڈاکٹرطارق چشتی، چوہدری نذیر احمد نشتر سرجیکل،علی چوہدری ، ایم اشرف و دیگر نے خصوصی شرکت کی۔
ایڈ فلم بڑے منفرد انداز سے بنائی جا رہی ہے یہ کمرشل دیر تک اپنا تاثر چھوڑے گی،عینی طاہرہ
لاہور(یواین پی )اداکارکاشف محمود اورگلوکارہ عینی طاہرہ کمرشل میں ایک ساتھ نظر آئیں گے تفصیلات کے مطابق معروف کمرشل ڈائریکٹر زوہیب رمضان بھٹی کی ہدایات میں ٹریول ایجنسی کے بننے والے ایک اشتہار میں معروف اداکار کاشف محمود، گلوکارہ عینی طاہرہ اور ماڈل سائرہ اعوان ایک ساتھ جلوہ گرہو رہے ہیں اس موقع پہ عینی طاہرہ اورکاشف محمود نے یواین پی کو بتایاکہ زوہیب بھٹی کے ساتھ کام کرکے ہمیشہ اچھا لگا، یہ ایڈ فلم بھی بڑے منفرد انداز سے بنائی جا رہی ہے یہ کمرشل دیر تک اپنا تاثر چھوڑے گی۔
انقلابی شاعر حبیب جالب کا 91واں یوم پیدائش ’’کل‘‘ منایا جائے گا
لاہور(یواین پی) انقلابی شاعر حبیب جالب کا 91واں یوم پیدائش 28فروری کو منایا جائے گا اس سلسلے میں ادبی حلقوں میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گاجس میں مقررین حبیب جالب کی انقلابی شاعری اور ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔معروف انقلابی شاعر حبیب جالب 28فروری1928کو بھارتی پنجاب میں پیدا ہوئے انہیں مشہور پاکستانی فلم ’’ زرقا ‘‘ میں ’’ رقص زنجیر بہن کر بھی کیا جاتا ہے ‘‘ لکھنے پر شہرت حاصل ہوئی۔حبیب جالب جنرل ضیاء الحق کے دور حکومت میں اپنی انقلابی شاعری کے ذریعے جمہوریت کیلئے جدوجہد کرتے رہے اسی دور حکومت میں انہیں پابند سلاسل کیا گیا انہیں جنرل ضیاء الحق کی وفات کے بعد جیل سے رہائی نصیب ہوئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اپنے عوامی جلسوں میں اکثر حبیب جالب کی شاعری کی مشہور نظم ’’ دیپ جس کا محلات ہی میں جلے ،چند لوگوں کی خوشیوں کو لے کر چلے،وہ جو سائے میں ہر مصلحت کے پلے ،ایسے دستورکو صبح بے نور کو میں نہیں مانتا میں نہیں جانتا ‘‘ بڑے ترنم کے ساتھ پڑھا کرتے تھے۔حبیب جالب 12مارچ 1993کو علالت کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
فلمسٹارحبیب کی تیسری برسی کے موقع پر تقریب
لاہور (یواین پی)6 سوسے زائد پنجابی اوراردوفلموں میں بہترین اداکاری کے جوہردکھانے والے معروف فلمسٹار حبیب مرحوم کی تیسری برسی کے موقع پر ہمدرد سنٹرلٹن روڈ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا 6 سوسے زائد پنجابی اوراردوفلموں میں بہترین اداکاری کے جوہردکھانے والے معروف فلمسٹار حبیب مرحوم کی تیسری برسی کے موقع پر ہمدرد سنٹرلٹن روڈ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کا اہتمام بزم انجم رومانی پاکستان نے کیا۔تقریب میں سید نور،بہاربیگم،ناصر ادیب ، امجد پرویز،ارشد نسیم ، احمد حسن اور گلوکار ناصر بیراج نے حبیب مرحوم کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
قدرت اللہ شہاب کا یوم پیدائش منایا گیا
جہانیاں (یو این پی )معروف دانشور قدرت اللہ شہاب کا یوم پیدائش گزشتہ روز منایا گیا۔ قدرت اللہ شہاب 26 فروری 1917ء کو گلگت میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے کم عمری میں ہی اردو اور اانگریزی زبانوں میں لکھنا شروع کردیا اور16سال کی عمر میں ریڈر ڈائجسٹ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے مقابلہ مضمون نویسی میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے پرنس آف ویلیز کالج جموں اور گورنمنٹ کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی۔ قدرت اللہ شہاب24 جولائی 1986ء کو انتقال کرگئے۔
ڈرامہ کیساتھ فلم انڈسٹری میں بھی بحران کی کیفیت
کراچی (یواین پی)ڈرامہ انڈسٹری کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹری میں بھی بحران کی کیفیت جنم لینے لگی۔عید الاضحی کیلئے مقابلے پر آنے والے فلم پروڈیوسرز اس بار مقابلے سے با ہر ہونے لگے۔گزشتہ کئی برسوں سے ہدایتکار نبیل قریشی ، ہمایوں سعید سمیت دیگر ایک دوسرے کے مقابلے پر فلمیں لارہے تھے۔ اس بار عید الاضحی پر نبیل قریشی و فضا علی نے فلم بنانے کے بجائے 2020 میں فلم بنانے کی منصوبہ بندی کی جبکہ اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید نے لو او جٹا کے عنوان سے عید الاضحی کیلئے فلم بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن اب ہمایوں سعید نے مذکورہ فلم کو عید الاضحی کی فلموں کے مقابلے پر لانے سے معذرت کرلی ہے۔ ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے کرکٹ مقابلے اور زیر تکمیل ڈرامہ سیریل میرے پاس ہو تم میں کام کررہا ہوں،ان مصروفیات کی بنا پر فی الحال زیر تکمیل فلم لو او جٹا کا کام تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔ عید دنگل میں شان شاہد کی فلم ضرار مکمل نہ ہونے کی بنا پر ریلیز نہ ہوسکے گی البتہ اب ہدایتکار عاصم رضا کی فلم پرے ہٹ لو کو عید الاضحی کے دن کھلا میدان مل جائے گا جس میں مایا علی ، میرااور شہر یار منور نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔
ریما میری مقبولیت اورمجھ سے جلتی ہے، اداکارہ میرا
لاہور(یواین پی) پاکستانی اسکینڈل کوئین اداکارہ میرا نے اداکارہ ریما خان پرتشدد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ریما میری مقبولیت سمیت میرے کام اورمجھ سے جلتی ہیں۔ماضی میں پاکستانی اداکاراؤں کے درمیان لڑائیاں اور ایک دوسرے سے اختلافات کی خبریں اکثر میڈیا میں گردش کرتی تھیں۔ جب کہ اداکارہ میرا اورریما خان کے درمیان ہونے والے جھگڑوں سے کون واقف نہیں، تاہم کچھ عرصے کے لیے یہ سلسلہ رک گیا تھا لیکن اب ایک بارپھر ریما اورمیرا کے درمیان اختلافات سامنے آئے ہیں۔گزشتہ ہفتے لاہورپریس کلب میں ہونے والی تقریب ’’بلیڈ گرین‘‘ کے دوران اداکارہ میرا سمیت متعدد فنکاروں نے شرکت کی جب کہ اسی تقریب میں ریما خان بطورمہمان خصوصی مدعو تھیں۔ تقریب کے بعد میرا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’’ریما میری مقبولیت اورمیرے کام سے جلتی ہیں اورانہوں نے گلوکار وارث بیگ کے ساتھ مل کر میری شہرت کو نقصان پہنچانے کی بھی کوشش کی ہے۔اس کے ساتھ ہی میرا نے اداکارہ ریما پر تشدد کا الزام لگاتے ہوئے کہا ریما نے مجھے کہنی ماری اور وہاں سے چلی گئی ریما ایک ’’بیمار عورت ہے‘‘ جو مجھ سے جلتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی میرا نے ریما کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ریما نا صرف بری عورت ہے بلکہ اس کی شہرت بھی اچھی نہیں ہے مجھے اس کے متعلق سب کچھ معلوم ہے۔اسکینڈل کوئین نے مزید کہا انڈسٹری میں میری پہچان میرا کام اورمیری محنت ہے، میں نے یہاں تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی ہے، یہاں تک کہ میں نے بھارت میں بھی کام کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ مجھے آج بھی کام مل رہا ہے۔ دوسری جانب میرا کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کے جواب میں اداکارہ ریما نے انہیں ’’بیوقوف عورت‘‘ قراردیا اور وہاں سے چلی گئیں۔
ایمان علی شادی کے بعد بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ رہیں گی
کراچی(یواین پی)اداکارہ و ماڈل ایمان علی شادی کے بعد بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ رہیں گی۔ رواں سال میں وہ ایک طویل عرصے بعد اپنے فنی کیریئر کی پہلی ویب ڈرامہ سیریز بادشاہ بیگم میں کام کریں گی جس کی عکسبندی کا آغاز ماہ اکتوبر میں کیا جائے گا۔ اس سیریز میں ان کے ہمراہ گوہر رشید، عمران اشرف فی الحال کنفرم ہوچکے ہیں۔
سری دیوی کی پہلی برسی پر ساڑھی کی نیلامی
ممبئی(یواین پی)بھارت کی عظیم اورہر دل عزیز اداکارہ سری دیوی کی پہلی برسی کے موقع پر ان کی ساڑھی کی نیلامی کا فیصلہ کیا گیا۔ میڈیا کے مطابق سری دیوی کے شوہر بونی کپور نے سری دیوی کی سب سیپسندیدہ ہاتھ سے بنی ہوئی ’کوٹا ساڑھی ‘کی نیلامی کا فیصلہ کیا ہے جس سے حاصل شدہ رقم کو ضرورت مندوں،خواتین اور بچوں پر خرچ کیا جائے گا۔بالی ووڈ اداکارہ کی ساڑھی کی بولی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جارہا ہے۔اس ساڑھی کی بولی 40ہزار روپے سے شروع ہوئی تھی جو اب 1لاکھ 30ہزار روپے پر پہنچ چکی ہے۔بونی کپور نے میڈیا کو بتایا کہ جو رقم بھی حاصل ہوگی وہ بھارت میں27سال سے قائم ایک این جی او کو دی جائے گی جو بچوں اور خواتین کی صحت اور پڑھائی کے لیے اپنی خدمات سر انجام دیتی آئی ہے۔
ٹی وی ڈرامہ رائٹر ز فلمسازوں کی پہلی ترجیح
کراچی (یواین پی)ٹی وی ڈرامہ رائٹر ز فلمسازوں کی پہلی ترجیح بن گئے۔ان ڈرامہ رائٹر ز سے فلموں کے سکرپٹس لکھوانے کیلئے خصوصی رابطے کئے جانے لگے ہیں۔معروف ڈرامہ رائٹر مصطفی ہاشمی اپنے فلمی کیریئر کی پہلی فلم بائے بائے بے بی کا سکرپٹ مکمل کرچکے ہیں۔ ہدایتکار و ڈرامہ رائٹر کبیر مغل اس وقت 2 ویب سیریز‘‘ نقشہ ’’ اور ‘‘ اماوس ’’ بیک وقت بنارہے ہیں۔ان کے علاوہ ڈرامہ رائٹر حامد دکنی ، واجد زبیری ، اسما نبیل ، فرحت اشتیاق، عمیرہ احمد سمیت دیگر سے بھی رابطے کئے جارہے ہیں۔ ان کے ڈراموں کی مقبولیت کو پیش نظر رکھ کر فلم پروڈیوسرز فلموں میں نئے رنگ پیش کرنے کے خواہشمند ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Premium WordPress Themes