بلوچستان میں تباہی مچانے والا بارش کا سسٹم پنجاب میں داخل

Published on April 16, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 232)      No Comments

لاہور: (یواین پی) جنوبی اضلاع میں بارشوں اور ژالہ باری شروع ہوگئی، لاہور میں بھی وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔مغربی ہواؤں سے بننے والے نظام کے باعث گزشتہ کئی روز سے بلوچستان میں بارشیں برسا رہا ہے۔ اب یہ نظام بلوچستان کے راستے پنجاب میں داخل ہو چکا ہے۔ اس نظام کے باعث پنجاب کے جنوبی اضلاع بہاولپور، لودھراں اور دیگر علاقوں میں بارشیں برس رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ لاہور میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ بارشیں آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں تک جاری رہیں گی۔ اس دوران تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں گی۔ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کی طرف سے سفر کرنے والوں کو بہت محتاط رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ادھر ملتان اور گردونواح میں 84 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز آندھی اور پھر موسلا دھار بارش نے ملتان اور گردونواح میں بجلی کے نظام کو شدید متاثر کیا ہے۔ شدید آندھی اور بارش کے باعث میپکو ریجن میں 115 فیڈرز ٹرپ کر گئے جبکہ بارش کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 8 افراد بھی زخمی ہو گئے جنہیں نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دوسری طرف شدید بارشوں کے باعث آم کے باغات اور گندم کی فصل بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔فیصل آباد میں شام کے وقت 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز آندھی نے کئی درخت اکھاڑ دیے جبکہ عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ آندھی کے بعد تیز ہواؤں کے ساتح موسلا دھار بارش نے جھل تھل کر دیا۔ گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے سٹرکیں پانی سے بھر گئیں جبکہ کئی علاقوں میں فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی غائب ہو گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ 15 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes