مشکل معاشی فیصلے نہ کرنے سے مسائل بڑھے، آرمی چیف

Published on June 29, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 177)      No Comments

راولپنڈی: (یواین پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مشکل معاشی فیصلے نہ کرنے سے مسائل بڑھے، اقتصادی خود مختاری کے بغیر کوئی دوسری خود مختاری ممکن نہیں، انشا اللہ ان مشکلات سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔سپہ سالار کا کہنا تھا کہ ملک نہیں بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں، معاشی کاوش کو کامیاب بنانے کے لئے سب کو ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں قومی معیشت پر سیمینار منعقد ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی کامیابی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا، اب ذمہ داریاں نبھانے کی ضرورت ہے۔ وقت آ گیا ہے سب ایک قوم بن کر سوچیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملک کو مشکل معاشی حالات کاسامنا ہے، معاشی خودمختاری کے بغیر آزادی کا کوئی تصور نہیں۔ قومی اہمیت کے امور پر کھل کر بات کرنے کی ضرورت ہے۔ اس طرح کے مذاکرے اور سیمینار انتہائی اہم ہیں۔ تمام تر مشکلات کے باوجود موجودہ معاشی حالات سے نکلنے کیلئے پر امید ہیں۔سیمینار سے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے معاشی امور ڈاکٹر سلمان شاہ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog