حکومت سندھ معذور افراد کی فلاح و بہبود خصوصی توجہ دے رہی ہے سید قاسم نوید

Published on February 11, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 225)      No Comments

ٹھٹھہ(بیوروچیف حمید چنڈ)وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی معذور افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ معذور افراد کی فلاح و بہبود سمیت خصوصی بچوں کی بہتر تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے رہی ہے اور کوشش ہے کہ سندھ کے تمام اسپیشل ایجوکیشن سینٹرز میں خصوصی بچوں کی تعلیم کو مڈل کے بجاء ہائی اسکول و کالجوں کے توسط سے بہتر اور اعلی تعلیم تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے تاکہ وہ اپنے پیروں پر کذڑا کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سینٹر مکلی میں خصوصی بچوں میں اسکول یونیفارم تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی بہت دلچسپی اور کوشش ہے کہ معذور طلباء کو بھی بہتر تعلیم اور ان مراکز کو مزید اپ گریڈ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کی بحالی کے متعلق وزیر اعلی سندھ کو جو بھی مطلوبہ ضروریات بھیجی گئیں ہیں وہ ماضی میں پوری ہوچکی ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی وہ مدد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں معذوروں کے مراکز کو نظرانداز کیا گیا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ سندھ کے تمام خصوصی تعلیمی مراکز میں اچھی تعلیم کے ساتھ تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کی جائے لیکن محدود وسائل کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ کوشش ہے کہ سندھ میں موجود ایسے اسکول جو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر تعلیم کے معیار کو بہتر بنایا جائے اور مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں 15 سے 18 فیصد معذور آبادی ہے اگر ہم نے ابھی سے ہی ان کے لئے کوئی حکمت عملی نہیں بنائی اور انہیں معاشرے میں ایک فرد کی مانند شمار نہ کیا تو یہ ہمارے ملک کیلئے بہت بڑا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سنٹر مکلی پورے سندھ میں خصوصی بچوں کی تعلیم کے لئے ایک رول ماڈل ہے اور اس اسکول کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے سندھ کے دیگر خصوصی مراکز میں بھی اس طرح کے تعلیمی معیار اور ماحول کے حوالے سے بہتر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو بھی دیگر اداروں کی طرح اس ادارے اور اس کے مسائل کو اجاگر کرنا چاہئے تاکہ لوگوں میں شعور اجاگر ہوسکے اور اس شعبے کو زیادہ سے زیادہ ترقی دی جاسکے۔ تقریب سے خصوصی تعلیم و بحالی مرکز کے پرنسپل ندیم ابراہیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد عارف کلوڑ ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی ، ڈی ایس پی جمعہ خان پہنور، سینٹر کے طلباء و طالبات اور ان کے والدین بڑی تعداد میں موجود تھے۔ قبل ازیں مرکز کے طلباء کی جانب سے قومی ترانہ اور دیگر مختلف ٹیبلوز پیش کیے گئے اور سید قاسم نوید قمر نے مرکز میں زیر تعلیم ایک خصوصی بچے کی سالگرہ کا کیک کاٹ کر سالگرہ منائی گئی جبکہ سینٹر کے ملازم امام علی نے قومی گیت پیش کرکے خوب داد حاصل کی۔ قبل ازیں وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے خصوصی تعلیم مرکز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مرکز کے پرنسپل ندیم ابراہیم کی کاوشوں کو سراہا۔ بعد ازیں سید قاسم نوید قمر نے سینٹر کے پارک میں پودا بھی لگایا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress主题