یکم اپریل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر تک کمی کی راہ ہموار

Published on March 18, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 249)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی) یکم اپریل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 25 روپے فی لیٹر تک کمی کی راہ ہموار، وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی ہیجنگ کی ہدایت کر دی، عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں 30 سے 40 فیصد کمی سے پاکستان کو 5 ارب ڈالرز تک کی بچت ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کا بھرپور ریلیف عوام کو پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو خصوصی ہدایت بھی کر دی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ وزارت خزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی ہیجنگ کیلئے سمری تیار کرے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی ہیجنگ سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہونے کی صورت میں بھی پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات کم قیمت پر ہی دستیاب ہوں گی۔جبکہ وزیراعظم کے اس فیصلے کے بعد یکم اپریل سے پیٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر قیمت میں 25 روپے تک کی کمی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ یوں یکم اپریل سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 90 روپے کی سطح سے بھی نیچے آ سکتی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ جنوری سے ابھی تک خام تیل کی عالمی منڈی میں قیمت 48 فی صد کمی کے بعد 32 ڈالر فی بیرل پر آ چکی ہے۔ پاکستان اپنی ضرورت کا 85 فی صد تیل درآمد کرتا ہے۔ پاکستان کا تیل کا سالانہ درآمدی بل 14ارب ڈالر ہے۔ تاہم اب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی سے پاکستان کا تجارتی خسارہ 5 ارب ڈالرز کم ہونے کی امید ہے۔جبکہ ماہرین کا کہنا ہے موجودہ صورتحال میں حکومت کے پاس پیٹرول و ڈیزل 20 سے 25 روپے فی لیٹر کم کرنے کی گنجائش ہے۔ اگر حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 20 سے 25 روپے فی لیٹر تک کمی کر دیتی ہے، تو صرف اس فیصلے کی بدولت ہی ملک میں مہنگائی کی شرح میں جلد سے جلد کمی آنے کا امکان ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Premium WordPress Themes