پی آئی اے کا کراچی سے احتجاجاً فلائٹ آپریشن معطل کرنےکا اعلان

Published on April 6, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 152)      No Comments

لاہور (یواین پی) پی آئی اے نے کراچی سے احتجاجاً فلائٹ آپریشن معطل کرنےکا اعلان کردیا ہے، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے عملے کو کراچی ایئرپورٹ پر قرنطینہ کرنا حکومت پاکستان کی ہدایات کے منافی ہے، لیکن سندھ حکومت زبردستی کپتانوں کو قرنطینہ کرنے پر بضد ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے پی آئی اے کے فضائی عملے میں کورونا وائرس سے متعلق اطلاعات پر انہیں کراچی ایئرپورٹ پر قرنطینہ کا فیصلہ کیا ہے۔جس پر قومی ایئرلائن نے کراچی ایئرپورٹ سے اندرون بیرون ملک احتجاجاً فلائٹ آپریشن معطل کر دیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پی آئی اے کے فضائی عملے میں کورونا وائرس کی موجودگی سے متعلق افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے، ایسی اطلاعات گمراہ کن ہیں۔انہوں نے کہا کہ فضائی عملہ حکومت پاکستان کے وضع کردہ ہدایات پر عمل پیرا ہے۔ حکومت کی وضع کردہ ہدایات میں ڈس انفیکشن سے لے کرصحت سلامتی کی تمام چیزیں شامل ہیں، لیکن سندھ حکومت زبردستی کپتانوں کو قرنطینیہ کررہی ہے۔جو کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے منافی ہے۔ تاہم پی آئی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی اور سندھ حکومت کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہونے تک کراچی سے فلائٹ آپریشن معطل کررہے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے بھی سندھ حکومت کے رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کا فضائی عملہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی خدمات انجام دے رہا ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Premium WordPress Themes