انڈونیشیا کی حکومت کا اپنے شہریوں کو رواں سال حج کیلئے سعودی عرب نہ بھیجنے کا فیصلہ

Published on June 3, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 283)      No Comments

جکارتہ (یواین پی) دنیا کے سب سے بڑے مسلم آبادی والے ملک کا اپنے شہریوں کو کورونا وائرس کے پیش نظر حج پر نہ بھیجنے کا فیصلہ، تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کی حکومت نے اپنے شہریوں کو رواں سال حج کیلئے سعودی عرب نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انڈونیشیا کے وزیر برائے مذہبی امور فخر الرازی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ انڈونیشیا کے عازمینِ حج رواں برس حج کا فریضہ ادا نہیں کرسکیں گے لہٰذا عازمین اگلے سال کے حج سیزن کیلئے خود کو تیار رکھیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے یہ فیصلہ سعودی حکام کی جانب سے یقین دہانی میں ناکامی کے بعد کیا ہے کیونکہ وبا کی موجودگی میں حج کی ادائیگی میں مشکلات ہوسکتی ہیں۔ یاد رہے کہ سعودی حکومت نے رواں برس ہی انڈونیشیا کیلئے 2 لاکھ 21 ہزار عازمین کا کوٹا مقرر کیا تھا اور 90 ہزار سے زائد انڈونیشین عازمین نے خود کو رجسٹر بھی کروا لیا تھا۔واضح رہے کہ انڈونیشیا میں آج بھی کورونا کے نئے 609کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 27ہزار549ہوچکی ہے۔ملک میں اب تک 1663مریض جان کی بازی ہارچکے ہیں جبکہ صرف 7ہزار935مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور 17ہزار951ایکٹو کیسز موجود ہیں۔ دوسری جانب سعودی عرب میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1869نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 89ہزار11ہوگئی ہے اور اب تک 549مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ریاض آج سب سے زیادہ 549نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ مکہ مکرمہ میں 300کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل سنگاپور نے بھی گزشتہ ماہ اپنے شہریوں کو کورونا کے باعث حج کیلئے نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes