لاہور میں گرمی کی لہر جلد ختم ہو جائے گی، بارشوں کے سلسلے کے آغاز کی نوید سنا دی گئی

Published on June 19, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 156)      No Comments

لاہور (ایواین پی) لاہور میں گرمی کی لہر جلد ختم ہو جائے گی، بارشوں کے سلسلے کے آغاز کی نوید سنا دی گئی، مون سون کی بارشوں کا پہلا سپیل لاہور میں داخل ہونے کو تیار،پہلی بارش 25 جون کو متوقع ، متعلقہ حکام کو الرٹ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں مون سون بارشوں کے سلسلے کے جلد آغاز کی خوشخبری سنائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جہاں ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا، وہیں شہر لاہور میں بھی گرمی کی شدید لہر جلد ختم ہو جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ مون سون کی بارشوں کا پہلا سپیل پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں داخل ہونے کو تیار ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق شہر میں مون سون کی پہلی بارش 25 جون کو متوقع ہے۔ہر سال مون سون بارشوں کے باعث لاہور اور ملک کے دیگر بڑے شہروں میں صورتحال خراب ہو جاتی ہے۔ اسی لیے مون سون کی پہلی بارش سے قبل لاہور میں واسا کو ایمرجنسی کیمپ میں تعینات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔واسا کے تمام سٹاف کی چھٹیاں بھی منسوخ کرکے انہیں 25 جون سے قبل شہر کے 21 نشیبی علاقوں میں ایمرجنسی کیمپ میں کام کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اس وقت لاہور شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ کی سطح کو چھو گیا۔ تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ گرمی کی یہ شدید لہر زیادہ دن تک برقرار نہیں رہے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی موسم شدید گرم رہا۔ دادو میں 49، لاڑکانہ 46، جیکب آباد میں 44، جموں میں 41، سرینگر 31 اور لیہہ میں درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم رواں ہفتے کے اختتام پر ملک کے کچھ علاقوں میں بارش ہونے کی پیشن گوئی بھی کی گئی ہے۔ جبکہ یہاں یہ واضح رہے کہ کچھ روز قبل جاری کی گئی ایک رپورٹ میں پیشن گوئی کی گئی تھی کہ رواں سال ملک میں معمول سے زیادہ مون سون بارشوں کی توقع ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy