وزیراعظم کا یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام پیغام

Published on August 30, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 160)      No Comments

اسلام آباد(یو این پی)وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے یوم عاشور10 محرم الحرام کے موقع پر قوم کے نام پیغام جاری کیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی جانب سے یوم عاشور کے موقع پر جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ آج حرمت والے مہینے محرم الحرام کی دس تاریخ ہے اور اس دن حضرتِ امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت عظیم بے مثال قربانی ہے۔اس ضمن میں وزیراعظم کا کہنا ہے کہ آج مسلمان اس عظیم قربانی کی یاد کو تازہ کر رہے ہیں، اگرچہ یومِ عاشور مختلف اعتبار سے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ تاریخ اسلام میں اس دن کو الگ رفعت و بلندی شہادت اورواقعہ کربلا کی بدولت حاصل ہوئی ہے اور اسلام کی اعلیٰ اقدار کے فروغ و احیاء کے لئے کسی بھی قربانی کو راہ خدا میں نچھاور کردینا ہی عزیمت اور کامیابی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ جذبہ شبیری ؓ مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پسندی کی روایت کو جلا بخشتا ہے، یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی لازوال روایت کی آبیاری کا سرچشمہ ہے اور اس کی نظیر تاریخ انسانی میں مشکل سے ہی ملتی ہے اور اسوہ حسین ؓکا یہ پیغام ہر قلِب سلیم کےلئے ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ راہ حق میں آنے والی ہر پریشانی کو خندہ پیشانی سے قبول کرتے ہوئے اپنی جان جانِ آفرین کہ سپرد کردے اور اسی جذبہ سے سرشاری کے بعد ہم وطن عزیز اور اقوام عالم میں کوئی قابل ذکر کردار ادا کرسکتے ہیں۔وزیراعظم کا اس موقع پر بھارتی سامراج سے برسرپیکار عوام کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے، جنہوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنتِ امام حسینؓ کو زندہ رکھا اور ہمیں کربلا کی طرح کشمیر کو بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال بنادیا۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Themes