سیاسی دکان چمکانے کیلئے قومی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی قابل افسوس ہے:اسد قیصر

Published on November 2, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 118)      No Comments

اسلام آباد: (یواین پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سیاسی دکان چمکانے کیلئے قومی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی انتہائی قابل افسوس ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے عزائم سے قومی اداروں پر نہیں بلکہ یہ عناصر خود اپنے آپ کو داغ لگا رہے ہیں۔ پاکستانی عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستانی مسلح افواج کی قربانیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ٹوپی ضلع صوابی میں گدون امان زئی فیڈر کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ معیشت مثبت سمت میں جا رہی ہے۔ سابق حکومتوں کی پالیسی کی وجہ سے پاکستان آئی ایم ایف کے پاس گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی ناکام پالیسیوں کے باعث آج عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ موجودہ حکومت کی بہترین پالیسیوں کی بدولت ڈالر نیچے آ رہا ہے اور انشاء اللہ بہت جلد اس عارضی مہنگائی کا خاتمہ ہو جائیگا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ گدون امان زئی فیڈر کیساتھ تین بڑے ٹرانسفارمز بھی نصب کئے جائیں گے جبکہ تحصیل چھوٹا لاہور گرڈ سٹیشن پر بھی کام مزید تیز کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ صوابی میں صحت، تعلیم، بجلی، سوئی گیس اور کھیلوں کے میدان میں خاطر خواہ اصلاحات واقدامات اٹھائے ہیں جن کے ثمرات سے صوابی کے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ صوابی میں کیڈٹ کالج بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔ پیہور کنال سے زراعت کے شعبہ میں تبدیلی کی نئی لہر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کی مد میں تقریباً ایک ارب 70 کروڑ روپے لگائے گئے ہیں اور مزید جو علاقے سوئی گیس کی سہولت سے محروم ہیں وہاں تک سوئی گیس مہیا کی جائیگی۔ پورے صوبے کے عوام کو صحت انصاف کارڈ فراہم کیا جائیگا جو ملک کی تاریخ میں ایک بہت بڑا کارنامہ ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ ہم اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ عوام کی فلاح وبہبود اور ملک کی بہتر مفاد کیلئے سیاست کر رہے ہیں، جب ہم نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو معیشت مفلوج اور خزانہ خالی ملا تھا۔ عمران خان کی بہترین پالیسیوں کی بدولت آج ملک صحیح سمت میں جا رہا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Themes