جونا گڑھ پاکستان کا حصہ، آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے: نواب جہانگیر خانجی

Published on November 10, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 72)      No Comments


اسلام آباد: (یواین پی) نواب آف جونا گڑھ محمد جہانگیر خانجی نے کہا ہے کہ جونا گڑھ پاکستان کا حصہ ہے، اس کی آزادی تک سیاسی، سفارتی اور قانونی محاذوں پر جدوجہد جاری رکھیں گے۔تفصیل کے مطابق ریاست جونا گڑھ کے نواب محمد جہانگیر خانجی نے کہا ہے کہ نواب آف جونا گڑھ اور پاکستان ایک پیج پر ہیں۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے بھارت کے جونا گڑھ پر غیر قانونی تسلط کے خاتمہ کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں یوم سقوط جونا گڑھ کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مسلم انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ صاحبزادہ سلطان احمد علی اور بین الاقوامی قوانین کے ماہر بیرسٹر فرخ قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔نواب آف جونا گڑھ محمد جہانگیر خانجی نے یوم سقوط جونا گڑھ کو یوم سیاہ سے منسوب کرتے ہوئے اس اہم قومی دن کے موقع پر پریس کانفرنس کے انعقاد کی سہولت فراہم کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس پریس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد نہ صرف جونا گڑھ کے عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی ہے بلکہ پوری قوم کو جونا گڑھ کی تاریخ سے آگاہ کرنا بھی ہے جو پاکستان کا تاریخی حصہ ہے اور رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جونا گڑھ پہلی شاہی ریاست تھی جس نے پاکستان سے باقاعدہ الحاق کیا۔ 15 ستمبر 1947ء کو نواب آف جونا گڑھ نے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔ میرے دادا نواب مہابت خانجی امور ریاست کے سلسلہ میں کراچی آئے ہوئے تھے کہ بھارت نے ان کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریاست پر فوجی دھاوا بول کر غیر قانونی تسلط جما لیا۔انہوں نے کہا کہ جونا گڑھ قانونی طور پر ابھی بھی پاکستان کا حصہ ہے اور اس کا مقدمہ اقوام متحدہ میں ہے۔ جونا گڑھ ابھی بھی انصاف کا منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جونا گڑھ کمیونٹی نے پاکستان میں کاروبار کو فروغ دیا۔ آج بھی پاکستانی بزنس کمیونٹی کے بڑے نام جونا گڑھ سے تعلق رکھتے ہیں۔ 70ء کی دہائی تک جونا گڑھ کا مسئلہ زندہ رہا پھر اسے بھلا دیا گیا۔ اسے ازسرنو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔نواب جہانگیر خانجی نے کہا کہ ہماری خواہش کے مطابق ریاست جونا گڑھ کو پاکستان کے نقشے میں شامل کرنے پر ہم حکومت پاکستان کے مشکور ہیں جس سے ہماری جدوجہد کو تقویت ملے گی۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ جس طرح وہ پوری دنیا میں کشمیری عوام کا سفیر بن کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہے ہیں، اسی طرح ریاست جونا گڑھ کے سفیر بن کر اقوام متحدہ اور دنیا کے سامنے جونا گڑھ کا مقدمہ پیش کریں۔نواب آف جونا گڑھ نے کہا کہ عالمی سطح پر ریاست جوناگڑھ کا مقدمہ قانونی طور پر مضبوط ہے پاکستان اس کی پیروی کرے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جونا گڑھ سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں لایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ جونا گڑھ کی نوعیت جدا جدا ہے۔ دونوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے۔ حکومت یوم الحاق جونا گڑھ اور یومِ سقوطِ جونا گڑھ کو سرکاری سطح پر منائے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes