بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ اور عوام کا معیار زندگی بلند کریں گے: وزیراعظم

Published on November 14, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 203)      No Comments

تربت: (یواین پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی کے وزیراعظم نے بلوچستان کے مقابلے میں لندن اور صدر نے دبئی کے زیادہ دورے کیے، مقامی سیاستدان بھی حالات سے فائدہ اٹھاتے رہے، تحریک انصاف نے صوبے پر سب سے زیادہ توجہ دی، محرومیوں کا ازالہ کرکے عوام کا معیار زندگی بلند کریں گے۔وزیراعظم عمران خان کا تربت میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو حکومت ملی تو پاکستان پر سب سے زیادہ قرض اور خسارہ تھا۔ پاکستان کے معاشی حالات بہت برے تھے۔ ہم ملک کو سدھارنے کی کوششوں میں تھے، ملکی معاشی حالات بہتری کی جانب گامزن تھے کہ اس کے بعد دنیا بھر میں کورونا وائرس کا عذاب آ گیا۔ تاہم ہماری پالیسیاں کامیاب ہوئیں۔ ہماری معیشت اٹھ رہی ہیں ہم نے اپنے خسارے کم کیے ہیں۔ ہماری سٹاک مارکیٹ ایشیا میں سب سے بہتر ہے۔ موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی سیل شروع ہو چکی ہے جبکہ سیمنٹ ریکارڈ سیل ہو رہا ہے۔اس سے قبل مختلف منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، جن قوموں نے انسانی وسائل پر خرچ کیا انہوں نے ہی ترقی کی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کی وجہ سے انسان نے عظمت حاصل کی، ریاست مدینہ میں انسانیت اور قانون کی حکمرانی اہم اصول تھے، ریاست مدینہ میں تعلیم کا حصول بھی بہت اہمیت رکھتا تھا، تعلیم کی وجہ سے ہی ایک وقت وہ بھی تھا جب دنیا کے سب سے بڑے سائنسدان مسلمان ہوتے تھے لیکن ہم تعلیم کے شعبے میں پیچھے رہ گئے ہیں اور ہمارے بہت سے علاقے ترقی میں پیچھے ہیں، اب ہم ان علاقوں کی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بلوچستان کی ترقی کے لئے جتنے فنڈز فراہم کئے ہیں، اتنے پیسے پہلے کبھی نہیں دیئے گئے، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور نوجوانوں نے ہی بلوچستان کو ترقی دینی ہے، اس سلسلے میں ہم وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ مل کر نوجوانوں اور بالخصوص تعلیم کی ترقی کے لئے اقدامات کریں گے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Weboy