ہمیں قائداعظم کے رہنما اصول ایمان‘ اتحاد اور نظم کو لیکر آگے بڑھنا ہوگا،صدر ممنون حسین

Published on March 24, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 284)      No Comments

6
اسلام آباد ۔۔۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت اور قوم ملک کو درپیش تمام چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پوری طرح متحد ہے‘ ہمیں قائداعظم کے رہنما اصول ایمان‘ اتحاد اور نظم کو لیکر آگے بڑھنا ہوگا۔ وہ اتوار کو یہاں ایوان صدر میں یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستان ٹیلی ویژن کی طرف سے منعقدہ ’’منزل مراد‘‘ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وفاقی وزراء‘ اراکین پارلیمنٹ‘ سفیروں اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر طلباء اور طالبات نے جدوجہد آزادی کے مختلف مراحل ‘ ثقافتی اور تاریخی پروگرام بھی پیش کیے ۔ معروف گلوکار استاد امانت علی خان اور حمیرا چنہ نے بھی ملی نغمے پیش کیے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے طالب علموں اور فنکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کی تقریبات میں نوجوانوں کی شرکت حوصلہ افزا ہے اس سے انہیں تخلیق پاکستان کے پیچھے کار فرما مقاصد سے آگاہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آبا و اجداد نے بڑی قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھانے کا عہد کرے۔ انہوں نے نئے قیام پاکستان کے مقاصد اور کامیابیوں سے آنے والے نسلوں کو آگاہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کا مقصد یہ تھا کہ یہاں کے مسلمانوں کو ایک ایسی ریاست دی جائے جہاں وہ اپنی سماجی اور اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کر سکیں‘ جہاں سماجی انصاف‘ جمہوری قدریں اور قانون کی حکمرانی ہو۔ یوم پاکستان پر آئیے ہم ان خوابوں کا ادراک کریں جو ہمارے آبا و اجداد نے دیکھے تھے‘ ہم اپنا جائزہ لیں کہ ہمیں اس ملک نے کیا دیا ہے اور ہم اسے کیا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف عدم برداشت اور قوت کے جذبے سے ہی ہم کامیابی کے راستے پر گامزن ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ عزم اور ہمت کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی چیلنج ایسا نہیں ہے جو حل نہ ہو سکے‘ پاکستان کے عوام نے ملک اور قوم کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں اور وہ مستقبل میں بھی اس سے گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انفرادی اور اجتماعی کاوشوں سے ہم اپنی آنے والی نسلوں کا بہتر مستقبل یقینی بنا سکتے ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes