پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اور ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

Published on February 27, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 166)      No Comments

کراچی (یواین پی) پی ایس ایل کے آٹھویں میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 199 رنز کا ہدف دیا تھا جو پشاور کی ٹیم نے 19.3 اوور میں7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔کوئٹہ کے 199 رنز کے تعاقب میں پشاور کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور کامران اکمل نے کیا لیکن صرف 13 کے مجموعی اسکور پر کامران اکمل آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے ٹام کیڈمور صرف 4 رنز بناکر چلتے بنے تاہم امام الحق نے مزاحمت جاری رکھی اور 41 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوگئے۔امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد حیدرعلی اور شعیب ملک نے ٹیم کو سنبھالا، حیدرعلی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تاہم ڈیل اسٹین کی گیند پر وہ کیچ دے بیٹھے جب کہ کچھ ہی دیر بعد شعیب ملک بھی ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔15 ویں اوورز میں 5 وکٹیں گرنے کے بعد پشاور زلمی کو میچ جیتنے کے لیے 30 گیندوں پر 54 رنز درکار تھے اور کوئٹہ کی جیت یقینی تھی تاہم وہاب ریاض اور رادرفورڈ نے چھٹی وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت بنادی جس کی بدولت پشاور کی ٹیم نے 19.2 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔19 ویں اوور میں حسنین نے وہاب ریاض کی وکٹ حاصل کی اور اگلی ہی گیند پر رن آؤٹ کرکے پشاور کی جیت کے امکانات روشن کیے تاہم محمد حسنین نے 19 ویں اوور کی تیسری گیند وائٹ کراکر مزید 4 رن پشاور کی جھولی میں ڈال دیے جس کے باعث پشاور میچ جیت گیا۔اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کوئٹہ کے اوپنرز کی جانب سے اننگز کا آغاز انتہائی سست رفتاری سے کیا گیا، اوپنر کیمرون ڈیلپورٹ صرف 15 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ صائم ایوب 21 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ون ڈاؤن آنے والے فاف ڈپلیسی اور سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑہایا تاہم ڈپلیسی 37 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد اعظم خان نے سرفراز کے ساتھ مل کر 105 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی، دونوں کھلاڑیوں نے گراؤنڈ کے چاروں طرف دلکش شارٹس کھیلے جس کی بدولت کوئٹہ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔سرفراز احمد نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور صرف 40 گیندوں پر 81 رنز بنائے جس میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے جب کہ اعظم خان نے 26 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیلی۔کراچی: پی ایس ایل 6 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 6 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی، ملتان کی ٹیم نے لاہور کا 158 رنز کا ہدف 16.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔لاہور قلندرز کے 158 رنز کے تعاقب میں ملتان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور کرس لن نے کیا تاہم کرس لن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ ون ڈاؤن آنے والے جیمس وینس بھی صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔کپتان ملتان سلطانز محمد رضوان نے ایک بار پھر جارحانہ اور ذمہ دارانہ اننگز کا مظاہرہ کرتے ہوئے صہیب مقصود کے ساتھ 110 رنز کی شراکت بنائی جس کے بعد محمد رضوان 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ صہیب مقصود وکٹ پر ڈٹے رہے اور صرف 41 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت ملتان کی ٹیم نے 158 رنز کا ہدف 16.2اوورز میں حاصل کرلیا۔اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو سہیل خان، شاہنواز اور کارلوس بریتھ ویٹ نے پاور پلے میں نپی تلی بولنگ کی جس کے بدولت لاہور قلندرز دو وکٹ گنواکر صرف 25 رنز بناسکی۔فخرزمان 9 رنز بنانے کے بعد شاہنواز دھنی کا شکار بنے اور کپتان سہیل اختر کی وکٹ 7 رنز پر کارلوس بریتھ ویٹ کے حصے میں آئی تاہم اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں دکھائی دینے والے محمد حفیظ نے اپنا جارحانہ انداز جاری رکھا اور 26 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔پی ایس ایل 6 میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے جوئے ڈین لی نے بھی ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم وہ 31 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے اور بین ڈنگ صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes