قوم آج 74واں یوم آزادی مادر وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے کے عزم کے ساتھ منائے گی

Published on August 14, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 140)      No Comments


اسلام آباد(یواین پی )قوم 74 واں یوم آزادی آج اس عزم کے ساتھ منائے گی کہ بابائے قوم کے افکار اور مصور پاکستان کے خوابوں کی تعبیر پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ایک باوقار اور قائدانہ کردار کا حامل عظیم سے عظیم تر ملک بنائیں گے، دن کا آغاز مساجد میں استحکام پاکستان اور ترقی و خوشحالی کی خصوصی دعاﺅں کے ساتھ کیا جائے گا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے،گھروں پر پاکستان کا سبز ہلالی قومی پرچم لہرائے گئے ہیں اور گلیوں اور بازاروں کو سجایا گیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاﺅس میں خوبصورت برقی قمقموں نے ڈی چوک کی رونق بڑھا دی ہے۔مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوگی جبکہ اہم حکومتی شخصیات پھولوں کی چادریں چڑھائیں گی۔ تمام تقریبات میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خدشات کے پیش نظر مرتب کئے گئے ایس او پیز کو پیش نظر رکھا جائے گا ۔حکومتی ، سرکاری شخصیات اورپاک افواج کے افسران ،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار مبارک پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کریں گے ۔ملک کے مختلف مقامات پر تحریک آزادی پاکستان کے شہدا کے لئے بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔مختلف اداروں میں تقریبات میں ملی نغمے اور قیام پاکستان کی جدوجہد کے حوالے سے خصوصی روشنی ڈالی جائے گی۔اخبارات میں خصوصی ایڈیشن اور ٹیلی ویژن چینلز پر خصوصی نشریات ہوں گی۔اس دن کی مناسبت سے صدرمملکت، وزیراعظم اور اہم حکومتی و سیاسی قیادت کے خصوصی پیغامات جاری ہوں گے۔سرکاری ٹیلی ویژن پر قیام پاکستان کے حوالے سے دستاویزی پروگرام نشر کئے جائیں گے۔مختلف مماک میں پاکستان کے سفارت خانوں اور ہائی کمیشنز میں بھی یوم آزادی کی شایان شان تقریبات ہوں گی۔دریں اثنا بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس اور دیگر سیاسی جماعتوں نے آج 14 اگست کو پاکستان کا یوم آزادی یوم تشکر کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے جبکہ کل 15 اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔جشن آزادی کے موقع پر دہشتگردی کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔وفاقی وزارت داخلہ کے احکامات کے بعد تمام صوبوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔اہم شہروں کے داخلی اور خارجی راستوںںپرسکیورٹی کو ہائی الرٹ کر کے چیکنگ کا نظام مزید سخت کر دیاگیا ہے۔ جشن آزادی کی تقریبات کے مقامات پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress主题