ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں جشن آزادی کی تیاریاں مکمل

Published on August 14, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 128)      No Comments


ملتان(یواین پی) ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب میں ہفتے کے روز پاکستان کاجشن آزادی ملی جوش وجذبے اور اس عہد کے ساتھ منایاجائے گا، پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے خوابوں کی تعبیر بنانے کے لیے ہربچہ،بوڑھا اور جوان اپنا کردارادا کرے گا۔دن کاآغاز تمام مساجد میں نماز فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوگا۔یو این پی کے مطابق وطن عزیز کی سلامتی،ملکی استحکام، اندرونی وبیرونی سازشوں سے نجات،جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کے دفاع، اتحاد بین المسلمین،اخوت وبھائی چارے، دہشت گردی سے نجات اور کرونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔جشن آزادی شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں تاہم محرم الحرام کے تقدس کے پیش نظر جشن آزادی کی تقریبات سادگی سے منائی جائیں گی۔یوم آزادی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام جشن آزادی کی مرکزی تقریب و پرچم کشائی ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوگی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور اراکین اسمبلی بھی پرچم کشائی میں شریک ہونگے۔ اس موقع پر شاندار پریڈ کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔اس کے علاوہ لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ،ضلع کچہری،زکریایونیورسٹی ملتان، زرعی یونیورسٹی ملتان، نشترمیڈیکل یونیورسٹی وہسپتال،انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت مختلف سرکاری ونیم سرکاری دفاترپر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوں گی۔جشن آزادی کی تقریبات میں کورونا ایس اوپیز کا خیال رکھا جائے گا۔متحدہ میلاد کونسل کے زیراہتمام 14اگست کو چاربجے شام گھنٹہ گھر چوک سے پاکستان زندہ باد ریلی نکالی جائے گی۔ ریلی میں میلاد کونسل کے رہنماوں سمیت بڑی تعدا د میں لوگ شریک ہوں گے۔ڈپٹی کمشنرملتان علی شہزاد نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے تحت جشن آزادی کے موقع پر شجرکاری بھی کی جائے گی۔یوم آزاد پر ملتان آرٹس کونسل میں خطاطی اور پینٹنگز کے مقابلے ہوں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے جشن آزادی پر شہر کو خوبصورت برقی قمقموں اور سبز رنگوں سے سجا دیا۔ضلعی محکموں کی جانب سے شہر کے مختلف چوکوں اور شاہراہوں پر قومی ہیروز کے بینرز بھی آویزاں کئے گئے جبکہ سرکاری عمارات کو بھی برقی قمقموں سے سجادیا گیا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Weboy