آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں یوم دفاع پاکستان بھرپور طریقے سے منایا گیا

Published on September 7, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 156)      No Comments

کراچی (یواین پی) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے ملی جوش و جذبے سے بھرپور تقریب کا انعقاد آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں کیا گیا، تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری تھے، اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، اراکین گورننگ باڈی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت کی،تقریب میں 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو آرٹس کونسل میوزک اکیڈمی کے طلباء اور معروف گلوکار اُستاد غلام عباس،گلوکارہ بانو رحمت،ارمان رحیم اوراحسن باری نے زبردست طریقے سے خراجِ عقیدت پیش کیا،گلوکاروں کے حب الوطنی سے بھرپور نغموں نے شرکاء میں جوش و ولولہ پیدا کردیا،اس موقع پر آرٹس کونسل تھیٹر اکیڈمی کے طلباء نے ڈائریکٹر میثم نقوی کی نگرانی میں میجر عزیز بھٹی شہید کی جدوجہد پر مبنی تھیٹر ”بیٹل آف برکی“ پیش کیا جس کے ہدایت کار عازب خان اور عبید اقبال تھے، فنکاروں کی جاندار اداکاری کو سراہتے ہوئے ڈی جی رینجرز میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی میں یوم دفاع پاکستان جس خوبصورت انداز سے منایا گیا ہے اس سے بہتر پروگرام ہو ہی نہیں سکتا تھا، آرٹس کونسل میں ہونے والی پرفارمنس کا ایک ایک لفظ وطن کی محبت میں ڈوبا ہوا تھا، تھیٹر اکیڈمی اور میوزک اکیڈمی کے طلباء کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نوجوان نسل نے پاکستان بنتے نہیں دیکھا،آنے والی نسلوں کے لئے یہ جاننا بے حد ضروری ہے کہ پاکستان کتنی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا،ہم جتنے بھی مختلف ہوں پاکستان کا جھنڈا اور پاکستان کا نام ہمیں ایک کرتا ہے، اللہ کا شکر ادا کریں کہ آباو اجداد کی قربانیوں سے یہ خطہ ہمیں ملا،مادر وطن کی شان بڑھانے کے لئے ہر کوئی اپنا اپنا کام کر رہا ہے،تقریب کے اختتام پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے ڈی جی رینجرز کو گلدستہ پیش کیا جبکہ سیکریٹری آرٹس کونسل پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے ڈی جی رینجرز افتخار حسن چوہدری کو اجرک پہنائی، تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر ہما میر نے بخوبی ادا کیے۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes