جھنگ، تعلیمی اداروں میں عدم دستیاب سہولیا ت کی فراہمی کے حوالہ سے خصوصی بریفنگ

Published on April 17, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 293)      No Comments

gh
جھنگ(یواین پی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر راجہ خرم شہزاد عمر نے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں عدم دستیاب سہولیا ت کی فراہمی کے حوالہ سے خصوصی بریفنگ دی۔ڈی سی آفس میں منعقدہ اس خصوصی ملٹی میڈیا بریفنگ کے دوران ایم پی اے چوہدری خالد غنی ،دیگر معزز اراکین اسمبلی کے نمائندگان کے علاوہ محکمہ ایجوکیشن ،ورکس اینڈ سروسز اور فنانس اینڈ پلاننگ کے ایگزیکٹیو افسران سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ڈی سی او نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے ضلع بھر کے مختلف سکولوں میں پینے کے پانی،چاردیواری ،باتھ روم کی تعمیر ، فرنیچر کی فراہمی اور دیگر درکار بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے دستیاب کروڑوں روپے کے فنڈز کے استعمال سے یہ سہولیات فراہم کی جاچکی ہیں۔اس موقع پر انہوں نے پروجیکٹر کے ذریعے شرکاء اجلاس کو سکولوں میں مکمل کئے گئے ترقیاتی کاموں کے حوالہ سے تصاویری آگاہی دی ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور خصوصی طور پر بچیوں کے سکولوں میں سہولیات کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی منصوبو ں کی اولین ترجیح میں شامل ہے اور ضلع میں اس ضمن میں ہنگامی بنیادوں پر کام مکمل کیا گیا ہے اور بعض اداروں میں کام تیزی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر سال ساڑھے چھ ارب روپے محکمہ تعلیم کو فراہم کر تی ہے جن میں سے ساڑھے چار ارب روپے صرف تنخواہوں کی مد میں خرچ کئے جارہے ہیں مگر نتائج حکومت اور عوام کی توقعات کے برعکس برآمد ہو رہے ہیں لہٰذا محکمہ تعلیم کے کام چور اور نااہل عملہ اور اساتذہ کو گھر بھیجوانے کے علاوہ اب کوئی چارہ باقی نہیں رہا۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ضلع کے 128بوائز سکولوں میں بجلی کی سہولت دستیاب نہ ہے جبکہ 650بوائز سکول بغیر چار دیواری کے کام کر رہے ہیں۔ڈی سی اونے کہا کہ ممبران اسمبلی کی نشاندہی اور سفارشات کی روشنی میں مزید درکار سہولیات کی فراہمی کیلئے 3.50ملین کے فنڈ کے حصول کیلئے تخمینہ جات مکمل کرکے حکومت کو پیش کر دیئے گئے ہیں اوراس ضمن میں ممبران اسمبلی کا بھرپور تعاون درکار ہوگا۔ڈی سی او نے ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ تعلیمی اداروں کو جانے والے راستوں اور سڑکوں کی تعمیرومرمت کے علاوہ سکولوں میں کلاس روم تا واش روم کے راستہ کو پختہ بنانے کے حوالہ سے فوری اقدامات کریں ۔ اجلاس کے دوران ممبرصوبائی اسمبلی کی نشاندہی پر ڈی سی او نے ای ڈی او ایجوکیشن کو ہدایات جاری کیں کہ وہ سکولوں میں ضرورت سے زیادہ تعینات درجہ چہارم ملازمین کو ایسے سکولوں میں تبدیل کریں جہاں ملازمین کی کمی کا سامنا ہے ۔انہوں نے ای ڈی او ایجوکیشن کو پابند کیا کہ وہ تمام سکولوں کے گراؤنڈ میں گھاس، سبزہ ، سایہ دار درخت اور پودے لگا کر تعلیمی اداروں کے ماحول کو خوشگوار اور پر کشش بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Themes