ہر انسان منفرد ہے اور ہر انسان کسی خاص صلاحیت کا حامل ہوتا ہے ڈاکٹر رابعہ خاور

Published on October 10, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 100)      No Comments

کوئی شخص چاہتے ہوئے مُجرم نہیں بنتا،حالات و واقعات اسے اس نہج پر پہنچا دیتے ہیں چوہدری اصغر علی
فیصل آباد (یو این پی)دماغی صحت کے عالمی دن کے حوالے سے سینٹرل جیل میں تقریب منعقد ہوئی۔سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل چوہدری اصغر علی نے ذہنی صحت کے عالمی دن کے حوالے سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شخص چاہتے ہوئے مُجرم نہیں بنتا،حالات و واقعات اسے اس نہج پر پہنچا دیتے ہیں۔مہمان خصوصی سربراہ شعبہ نفسیات جی سی یونیورسٹی ڈاکٹر رابعہ خاور نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان منفرد ہے اور ہر انسان کسی خاص صلاحیت کا حامل ہوتا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ اپنی چُھپی ہوئی صلاحیت کا اظہار کرے۔اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ نفسیات جی سی یونیورسٹی ڈاکٹر شازیہ حبیب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی مسائل سے چھٹکارے کیلئے ضروری ہے کہ اپنے مسائل اور اُلجھنوں کو جلد از جلد پہچان کر ان کا اظہار کرے۔ اس تقریب کا بنیادی مقصد اسیران کی فلاح و بہبود کو ہر لحاظ سے یقینی بنانا اور اسیران میں ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرناتھا۔تقریب کی صدارت سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل نے کی اوراختتامی کلمات میں کہا کہ ہمارے محکمے کا عزم نفرت جرم سے ہے انسان سے نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہم اس مشن پر ہیں کہ جیلوں کے اندر اسیران اور انتظامیہ کے درمیان اعتماد اور بھروسے کا رشتہ قائم کر سکے تاکہ فلاح و بہبود کا کام بہتر طور پر سر انجام دیا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ اسیران کی ذہنی اور جسمانی فلاح وبہبود کے لئے پنجاب بھر کی جیلوں میں حکومت پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کی کاوشوں سے سائیکالوجسٹ بھرتی کئے گئے ہیں جن کا مقصد اسیران کی ذہنی فلاح و بہبود کے لیے اپنے فرائض سر انجام دینا ہے اور سنٹرل جیل فیصل آباد میں بھی دو سائیکالوجسٹ نازش اختراور پاکیزہ الیاس تعینات ہیں۔تقریب کے اختتام پر اسیران نے اپنی ذہنی الجھنوں سے متعلق مہمانوں سے سوالات بھی کیے جن کے احسن طریقے سے جوابات دیئے اوراسیران کو غصے سے نمٹنے، جھوٹی انا اور شان و شوکت سے بچنے اور سادہ زندگی گزارنے کا درس دیاجس پر اسیران نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ان کے جرائم کے پیچھے کارفرما عوامل میں سب سے بڑی وجہ یہی جھوٹی انا اور لوگوں میں خو د کو برتر ثابت کرناتھا،اسیران نے اپنی پچھلی زندگیوں میں سر زد ہونے والی غلطیوں پرتوبہ کر کے آئندہ بہتر انداز میں زندگی گزارنے کا عزم کیا۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی اور جیل انتظامیہ نے مینٹل ہیلتھ واک کا اہتمام بھی کیا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy