اخوت کا سفر ہزاروں سے شروع ہوا تھا جواب اربوں روپے تک پہنچ چکا ہے ڈاکٹر اقرار احمد خاں

Published on October 11, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 107)      No Comments

احساس پروگرام کے تحت دوسو خاندانوں میں 80لاکھ کے بلاسود قرضوں کی تقسیم
فیصل آباد (یو این پی)فیصل آباد میں اخوت فاؤڈیشن اور وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت دوسو خاندانوں میں 80لاکھ کے بلاسود قرضوں کی تقسیم کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں تھے۔ اس موقع پر اخوت کی سٹیئرنگ کمیٹی کے ممبر چوہدری محمد اسلم جاوید، حاجی محمد عابد، ڈاکٹر خالد گجر، ڈاکٹر خلیل الرحمن، معظم بن ظہور و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ اخوت کا سفر ہزاروں سے شروع ہوا تھا جو وسعت پذیر ہو کر اربوں روپے تک پہنچ چکا ہے جس سے ہر سال لاکھوں افراد بلاسود قرضوں سے مستفید ہوتے ہوئے باعزت روزی کمانے کے قابل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امجد ثاقب کی کاوشوں کو نہ صرف ملکی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے بلکہ حال ہی میں بین الاقوامی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امجد ثاقب غریب افراد کے لئے درددل رکھنے والی وہ عظیم شخصیت ہیں جنہوں نے غربت کے خاتمے اور معاشی مشکلات میں گھرے افراد کو بلاسود قرضہ جات کی فراہمی کے لئے ایک نئی سوچ کی بنیاد رکھی جس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں وزیراعظم کی جانب سے رحمت اللعالمین اتھارٹی کے قیام کا اعلان اسلامی معاشرہ قائم کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں سے سماجی اعتبار سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہو چکا ہے جس کو روکنے کے لئے قرآن و سنت کی ترویج ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رحمت اللعالمین عشرے کے تحت زرعی یونیورسٹی میں تقریبات کا انعقاد جاری ہے جس میں سیرت پر مبنی تقاریر، کوئز، محفل میلاد، قرات کے مقابلہ جات کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ نوجوان نسل کو قرآن و سنت کے سنہری اصولوں سے روشناس کراتے ہوئے دورحاضر میں وقوع پذیر ہونے والے مسائل کا سامنے کرنے کے لئے تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی پاکستان کی تاریخ میں درخشاں ستارے کے طور پر ابھرتے ہوئے سنہری دور کا باب مرتب کرے گی تاکہ اسلامی روایات سے لبریز بہترین کردار پر مبنی قوم کی تشکیل کی جا سکے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Themes