ڈیجیٹل بینکنگ ٹولز، کیریئر کونسلنگ سیشن پر مبنی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا ڈاکٹر اقرار احمد

Published on November 5, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 128)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور حبیب بینک کے مابین زراعت، تعلیم و تحقیق کے شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ معاہدے کے مطابق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں فنانشنل انوویشن ٹیکنالوجی سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے اکیڈمی، انڈسٹری تعلقات کو مضبوط کرتے ہوئے سائنسی بنیادوں پر ٹیکنالوجی جدید طریقہ کاشت اور طلباءکی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے مشترکہ کاوشیں کی جا سکیں گی۔ مفاہمت کی یاددشت پر دستخط زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں اور حبیب بینک لمیٹڈ کے ہیڈ ڈویلپمنٹ فنانس عامر عزیز نے کئے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ کسانوں کے لئے ڈیجیٹل پروگرام، ریموٹ سینسنگ ٹیکنالوجی، زرعی پیداوار اور ویلیوایڈیشن کے مواقع پر مشترکہ کاوشوں کے ساتھ ساتھ طلباءکی قابلیت میں اضافے کے لئے ڈیجیٹل بینکنگ ٹولز، کیریئر کونسلنگ سیشن پر مبنی ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ حبیب بینک کے عہدیدار طلباءکو بینکنگ اور پیشہ وارانہ مستقبل کے متعلق آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 90فیصد سے زائد کاشتکاروں کا شمار چھوٹے کسانوں میں ہوتا ہے اگر ہم گندم کی فی ایکڑ اوسط پیداوار کو 31من سے بڑھا کر 40من تک کر دیں تو گندم میں خودکفالت کے حصول کے ساتھ ساتھ برآمدات کی مد میں زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری اکیڈیمیا تعلقات کو مضبوط کر کے ہی علم پر مبنی معیشت کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے جس کے لئے زرعی یونیورسٹی تمام تروسائل فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباءکو دورحاضر کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے عملی امور کی تربیت دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا انحصار زراعت کی ترقی پر منحصر ہے جس کے لئے دونوں ادارے باہمی تعاون کے ذریعے تعلیم و تحقیق کے میدان میں تمام کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔ حبیب بینک کے ہیڈ ڈویلپمنٹ فنانس عامر عزیز نے کہا کہ حبیب بینک کاشتکاروں کی خوشحالی اور زرعی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔ پاکستان میں کاشتکار فی ایکڑ پیداوار میں کمی اور مارکیٹ کے مسائل و دیگر عوامل کی وجہ سے زبوں حالی کا شکار ہے جس کے لئے اکیڈیمیا انڈسٹری لنکجزکو فروغ دے کر ان مسائل پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کاشتکار کے لئے زراعت کو منافع بخش نہ بنایا گیا تو ملکی سطح پر غذائی بحران میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حبیب بینک نے کاشتکاروں کے لئے مختلف پروگرامز کا اجراءکیا ہے تاکہ نفع بخش زراعت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنٹس اینڈ یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ ڈاکٹر محمد احسن خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں زیرتعلیم طلباءزیادہ تر دیہات سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں علم کا سفر جاری رکھنے کے لئے وافر مقدار میں سکالرشپ دیئے جا رہے ہیں۔اس موقع پر رجسٹرار طارق محمود گل، ڈائریکٹر ہیومن ریسورس ڈاکٹر منظوم اختر، ٹریژرر عمر سعید قادری، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لینکجز ڈاکٹر وسیم اکرم، نہال احمد خاں،اسسٹنٹ ڈائریکٹر وقاراکبر و دیگر بھی موجود تھے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy