جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں تصور وطن، اقبال اور عصر حاضر کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

Published on November 8, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 102)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ پاکستان سٹڈیز کے زیر انتظام اقبال ڈئے کی مناسبت سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اس سیمینار میں ملک کے معروف کالم نگار، تاریخ دان اوریا مقبول جان اور شکیل شاہد ایم پی اے اور ممبر سینڈیکیٹ کمیٹی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اوریا مقبول جان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقبال ایک محب الوطن اور سچے عاشق رسول تھے، قومیت اور الگ وطن کا تصور جو اقبال نے پیش کیا وہ عین اسلامی اقدار کے مطابق تھا۔ ان کی مخاطب پوری مسلمان قوم اور دنیا بھر کے لوگ تھے اس لیے پیغام اقبال میں وسعت، ہمہ گیری، اور آفیت ہے۔ اقبال مشائخ عظام کو خانقاہوں سے نکل کر قوم کی رہنمائی کا فریضہ انجام دینے کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقبال نے اپنے کلام میں مذہب کو احساس قرار دیا ہے اور اتحاد عالم اسلام کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ شعبہ پاکستان سٹڈیز کے چیرمین ڈاکٹر عبدالقادر مشتاق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اقبال عالم اسلام کے اتحاد کے لیے دنیا بھر کے مسلمانوں کو نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک کا شغر متحد ہونے کا درس دیتے ہیں، اقبال کی ساری جدو جہد محض خشکی کا ایک ٹکڑا حاصل کرنے کی نہیں تھی بلکہ اسلامی اصولوں کی بنیاد پر الگ وطن کا تصور اقبال کا خواب تھا، ہمیں اقبال کے تصور پاکستان کو سمجھ کر اس پر عمل کرنا ہو گا۔ شعبہ اردو کے ڈاکٹر افضل وحید نے سر سید احمد خان کے دو قومی نظریے اور خطبات اقبال پر بات کی۔ ایم پی اے شکیل شاہد نے کہا کہ اقبال کے شاہین کو جگانے کی ضرورت ہے۔ اور وہ مذہب کی پیروی کے بغیر ممکن نہیں ۔ تقریب کے آخر میں طلباء کی طرف سے پوچھے گئے سوالات پر مقررین نے مفصل جوابات بھی دئیے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme