کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی ڈالر کی بلند پرواز جاری

Published on November 11, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 121)      No Comments

خام تیل کی عالمی قیمت میں اضافے کے رحجان اوربیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کی وجہ سے پاکستانی روپیہ دباؤ کا شکار ہے
کراچی(یو این پی)آنے والے دنوں میں بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کے باعث کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی ڈالر کی تیز رفتار اڑان برقرار رہی۔آئی ایم ایف کی نت نئی شرائط کے باعث تاحال قرض بحالی پروگرام کا معاہدہ نہ ہونے سے مجوزہ پلان کے تحت 17 دسمبر تک کی قسط کے اجراء میں ممکنہ تاخیر اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کی وجہ سے آج بھی ڈالر کی اڑان کا سلسلہ برقرار رہا، جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 172 روپے جب کہ اوپن مارکیٹ ریٹ 175 روپے سے بھی تجاوز کرگئے۔انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبارکے آغاز سے ہی ڈالر کی اڑان جاری رہی جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 1 روپے 44 پیسے کے اضافے سے 173 روپے6 پیسے تک پہنچ گئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں درآمدی شعبوں کی طلب گھٹتے ہی معمولی ریکوری کے نتیجے میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر1 روپے 31 پیسے کے اضافے سے 172روپے 92 پیسےکی سطح پر بند ہوئی۔اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 50 پیسے اضافے سے 175 روپے 30 کی سطح پر بند ہوئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی عالمی قیمت میں اضافے کے رحجان اور مہنگی ایل این جی کے درآمدی معاہدے سے درآمدی بل میں نمایاں اضافے کے خدشات سے ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ دباؤ کا شکار ہے اور ڈالر کی اڑان جاری ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes