پینسٹھویں تاریخی سینئرنیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد

Published on December 22, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 74)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)پاکستان ریسلنگ فیڈریشن اور ایچ ای سی کے زیر اہتمام 65ویں تاریخی سینئرنیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ 2021 یونیورسٹی آف ویٹرنری اینیمل سائنسز لاہور میں کھیلی گئی جس میں پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، ایچ ای سی صوبہ پنجاب، صوبہ کے پی کے صوبہ بلوچستان،صوبہ سندھ، صوبہ پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان، فاٹا اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیموں نے حصہ لیا۔چیمپئن شپ میں فیصل آباد کی نمائندگی ایسوسی ایٹ سیکرٹری پنجاب ریسلنگ محمد عاطف نومی ملک اور ایشین گولڈ میڈلسٹ اچھا پھلوان بوریاں والے نے کی۔چیمپئن شپ کو دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد ہال میں موجودتھی۔ چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن پاکستان واپڈا سات گولڈ میڈلزکے ساتھ،دوسری پوزیشن پاکستان آرمی جبکہ تیسری پوزیشن پاکستان ریلوے کے نام رہی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر چیئر پرسن ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل،ڈائریکٹرجنرل ایچ ای سی جاوید میمن،وائس چانسلر یونیورسٹی آف اینیمل سائنسز ڈاکٹر نسیم احمد،صدر پاکستان ریسلنگ چوہدری عبدالمبین،سیکرٹری جنرل پاکستان ریسلنگ محمد ریاض،انٹرنیشنل کوچ و فنانس سیکرٹری پاکستان ریسلنگ فرید علی،ڈائریکٹر سپورٹس یونیورسٹی آف اینیمل سائنسز رانا امجد اور دیگر قائدین بھی موجودتھے۔سنیئر نائب صدر پاکستان ریسلنگ فیڈریشن چوہدری محمد ارشد ستار نے بتایا کہ تین روزہ چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کے مابین کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے اور نئے ٹیلنٹ نے بھرپور کھیل پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ کوویڈ 19 کے بعد پہلی نیشنل چیمپئن شپ کھیلی گئی جس میں نیا ٹیلنٹ سا منے آیا۔انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کے تعاون سے انٹرنیشنل اکیڈمی کا قیام بھی جلد لایا جارہا ہے جس کی بدولت انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے میچز بھی دیکھنے کو ملیں گے اور انہیں رہنے کی سہولیات کی میسر ہونگی۔انہوں نے کہا کہ ریسلنگ کے فروغ کے لئے مزید اقدامات کرتے رہیں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Themes