کینٹ بورڈ ایبٹ آباد وائس پریذیڈنٹ کے انتخاب میں بڑا اپ سیٹ

Published on February 2, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 63)      No Comments

پی پی نے دو ممبران کے ساتھ کامیابی سمیٹ کر وائس چیئر مین کے انتخاب کا مرحلہ جیت لیا
ایبٹ آباد(یو این پی)کینٹ بورڈ ایبٹ آباد وائس پریذیڈنٹ کے انتخاب میں بڑا اپ سیٹ،پی پی نے دو ممبران کے ساتھ کامیابی سمیٹ کر وائس چیئر مین کے انتخاب کا مرحلہ جیت لیا۔ممبر کینٹ بورڈ فواد علی جدون پی ٹی آئی کی حمایت سے 7 ووٹ لے کر وائس چیئرمین کینٹ بورڈ ایبٹ آباد منتخب ہو گئے۔بدھ کے روز کینٹ بورڈ کانفرنس ہال میں وائس چیئرمین کے انتخاب کے لئے 12ممبران کینٹ بورڈ نے حصہ لیا۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن پانچ پانچ اورپی پی دو ممبران کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھی۔وائس پریذیڈنٹ کے انتخاب کے لئے مسلم لیگ ن کی جانب سے ممبر کینٹ بورڈ واجد خان اور پی پی کے فواد علی جدون میں مقابلہ ہوا۔حکومتی جماعت پی ٹی آئی کے پانچ ممبران کی حمایت سے پی پی کے فواد علی جدون نے 7 ووٹ حاصل کئے جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے واجد خان نے پانچ ووٹ حاصل کئے۔انتخاب کے مرحلہ کے موقع پر صدر کینٹ بورڈ بریگیڈیئر معین خان اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کینٹ بورڈ عمارہ عمار بھی موجود تھیں اس موقع پر منتخب وائس چیئر مین کینٹ بورڈ نے سادگی کی مثال دیتے ہوئے موٹر سائیکل پر پارٹی کے ممبر ملک طیب اعوان کے ساتھ دفتر پہنچے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وارڈ پانچ نڑیاں کے عوام نے پارٹی،جنبہ اور برادری سے ہٹ کے بھاری اکثریت سے منتخب کیا ہے۔ان کے حقوق کا تحفظ اور مسائل کے حل کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ کینٹ بورڈ میں مساوی اور مفاہمت کو فروغ دینے کے لئے مل جل کر کام کریں گے۔انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران کینٹ بورڈ کی بھی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ ہزارہ ڈویژن میں پی پی کے پہلے ممبر کینٹ بورڈ فواد علی جدون نے نامساعد حالات میں پارٹی ٹکٹ پر کینٹ بورڈ کے الیکشن میں کامیابی حاصل کی ہے۔جس کو سیاسی حلقے پی پی کی مستقبل کی سیاست میں نمایاں دیکھ رہے ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog