زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی امریکی سائنس و ٹیکنالوجی کے اداروں کے ساتھ نیٹ ورکنگ کو مزید وسیع کیا جائے گا،سردار مسعود خان

Published on March 11, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 126)      No Comments

فیصل آباد(یواین پی)سابق صدر آزاد جموں کشمیر اور امریکہ میں پاکستانی سفیرسردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی جامعات خصوصاً زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی امریکی سائنس و ٹیکنالوجی کے اداروں کے ساتھ نیٹ ورکنگ کو مزید وسیع کیا جائے گاتاکہ علم کی بنیاد پر معیشت کے خدوخال استوار کئے جا سکیں۔یہ بات انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورہ کے دوران ممبرسائنس پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر مسعود اقبال کے ہمراہ وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں (ستارہئ امتیاز) اور اعلیٰ انتظامی ٹیم کے ساتھ ملاقات میں کہیں۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد 1960ء کی دہائی کے دوران ملک میں سبز انقلاب کا باعث بنی جس سے بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے غذائی ضروریات پوری کرنے میں نمایاں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ ایک زرعی ملک ہوتے ہوئے پاکستان کیلئے خوردنی تیل‘ دالیں‘ سبزیوں کے بیج اور گزشتہ چند برسوں سے گندم درآمد کرنے پر اربوں ڈالر کا کثیرزرمبادلہ خرچ ہورہاہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے سائنس دان مذکورہ درآمدات کے حجم میں نمایاں کمی کیلئے قابل عمل حکمت عملی سامنے لائیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واشنگٹن میں قیام کے دوران وہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور امریکی جامعات خصوصاً یونیورسٹی آف کیلی فورنیا ڈیوس اور واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی پل من کیساتھ پیشہ وارانہ روابط کو بڑھانے کیلئے پل کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے مقامی طور پر زیتون‘ براسیکا اور سویا بین کی کاشت کوسائنس بنیادوں پر رواج دیا جا رہا ہے جس سے اس کی پیداوار میں نمایاں اضافے سے اس پر خرچ ہونیوالے درآمدی بل میں کمی واقع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 64فیصد آبادی 30سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے جسے ہنرمند اور زیورِ تعلیم سے آراستہ کرکے علم کی بنیاد پر معیشت کو استوار کرنا ایک اہم چیلنج ہے جس سے نبردآزما ہونے کیلئے حکومت مختلف الجہت حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حالیہ مہینوں کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور امریکی یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے ساتھ زرعی یونیورسٹی کے روابط کو فروغ دینے کیلئے کاوشیں بروئے کار لائے ہیں لہٰذا وہ چاہیں گے کہ ان کوششوں کو جنہیں ثمرآور بنانے کیلئے وائس چانسلرڈاکٹر اقرار احمد خاں کیلی فورنیا یونیورسٹی کا دورہ کرکے باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے پیش رفت کریں۔ انہوں نے کہاکہ قومی سطح پر ایگریکلچراور معیشت پر ڈاکٹر اقراراحمد خاں کی رائے کو احترام کی نظر سے دیکھاجاتا ہے جبکہ بین الاقوامی سطح پر سائنس و ٹیکنالوجی کے اداروں اور جامعات کے ساتھ یونیورسٹی کی بڑھتی ہوئی نیٹ ورکنگ سے بھی بے حد متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ یونیورسٹی کے سائنس دان واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین کیساتھ پاکستان میں گندم کی فی ایکڑ اوسط پیداوار کو 60من تک بڑھانے کیلئے مختلف لائنز پر کام کر رہے ہیں جو یقینی طو رپر ملک میں دوسرے سبز انقلاب کی بنیاد ڈالیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ چند برس پہلے یو ایس ایڈ کی معاونت سے یونیورسٹی میں سینٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز (ایگریکلچر و فوڈ سیکورٹی) قائم کیا گیا جہاں اس وقت نیشنل سینٹر فار جینوم ایڈیٹنگ کے ذریعے اہم سائنسی پیش رفت کی جا رہی ہے جو بہت جلد اپنے اہداف میں کامیابی کیساتھ سامنے لائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی ماہرین کی ٹیم نے حکومت پنجاب کیلئے صوبے میں نئے اکالوجیکل زونز کی نشاندہی کرکے مقامی سطح پر انڈسٹری اور زرعی پیداوار میں اضافے کی پالیسی ترتیب دے رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ سینٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز کے ذریعے کلائمٹ چینج‘ ایگریکلچرپالیسی اور پری سیئن ایگریکلچر پر غیرمعمولی کام کے ساتھ ساتھ 100سے زائد سائنسی اختراعات کا کتابچہ بھی مرتب کیا جس سے نئے کاروبار فروغ پا رہے ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Premium WordPress Themes