یوم پاکستان ”آج“ قومی جوش و جذبے اور شایان شان و بھرپور طریقے سے منایا جائیگا

Published on March 23, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 48)      No Comments

اسلام آباد(یواین پی)ملک بھر میں یوم پاکستان23مارچ قومی جوش و جذبے، ملی حمیت اور شایان شان و بھرپور طریقے سے منایا جائیگا،مرکزی تقریب اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈشکرپڑیاں میں منعقد ہو گی،وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں،تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی پروگرامات منعقد کئے جائیں گے اور قومی پرچم بھی لہرائے جائیں گے نیز سرکاری، نیم سرکاری، سیاسی، سماجی، دینی، مذہبی، تعلیمی تنظیموں، پاکستان تحریک انصاف، نظریہ پاکستان فانڈیشن،تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور دیگر اداروں کے اشتراک سے کئی پروگراموں ترتیب دیئے گئے ہیں جن میں پاکستان کی تخلیق کے عمل سے لے کر اس کی تکمیل اور موجود ہ صورتحال میں وہی جذبہ دہرانے کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی جائے گی۔یوم پاکستان کے مقدس موقع پرآج وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ مقدس صبح کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد شکرانے کے نوافل سے ہو گا جبکہ تحریک پاکستان کے رہنماں اور تقسیم برصغیر کی جد و جہد کے دوران جام شہادت نوش پانے والے اسلاف کی آخری آرام گاہوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں بانی پاکستان و بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح جبکہ لاہور میں شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات منعقد ہو ں گی۔اس موقع پر مختلف شہروں میں جلسے جلوسوں، ریلیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا اور قرار داد پاکستان کے حوالے سے تجدید عہد کیا جائے گا۔یوم پاکستان ہر سال 23مارچ 1940کوقرار داد پاکستان کی منظوری کے حوالے سے مینار پاکستان لاہور کے مقام پر ہو نے والے جلسہ عام کی یاد میں بھر پور تزک و احتشام سے منایا جاتا ہے۔23 مارچ کے موقع پر حکومت کی جانب سے عام تعطیل کے اعلان کے باعث سٹیٹ بینک آف پاکستان، سٹیٹ بینک بینکنگ سروسز آف پاکستان، تمام شیڈولڈ بینک، مالیاتی ادارے،چیمبرز آف کامرس، سٹاک ایکسچینجز گا رنٹیز لمیٹڈ، عدالتیں اور تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے آج بند رہیں گے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题