ماہ رمضان کے دوران ذخیرہ اندوزی کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی غضنفر علی قادری

Published on March 31, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 147)      No Comments

ٹھٹھہ (یواین پی / حمید چنڈ) ڈّپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے ضلع کے تمام تاجروں، دکانداروں اور کاروباری افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے مہینے کا بھرپور احترام کرتے ہوئے روز مرہ استعمال کی اشیاء ضروریہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کرکے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تاکہ عام و غریب آدمی کو اس مقدس اور بابرکت ماہ رمضان کے دوران مہنگائی کے عذاب سے بچایا جا سکے۔ یہ ہدایت انہوں نے دربار ہال مکلی میں احترام رمضان اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران غیر قانونی منافعہ خوری اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکارز کو ہدایت کی کہ وہ مارکیٹ کمیٹی اور بیورو آف سپلائی و پرائسز افسران کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں اور بازاروں میں اچانک چھاپے مار کر روز مرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی فروخت پر کڑی نظر رکھیں اور زیادہ قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف سخت اقدام اٹھائیں تاکہ عوام بالخصوص غریب لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سے رلیف مل سکے۔ ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے بیورو آف سپلائی و پرائس افسران کو ہدایت کی کہ وہ اشیائے ضروریہ کے نرخ نامے روزانہ کی بنیاد پر دکانداروں کو فراہم کریں اور انہیں نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے کا پابند بھی بنائیں تاکہ عوام کو مقرر کردہ قیمتیں معلوم ہو سکیں۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تاجر رہنماؤں کی اتفاق رائے سے اشیائے ضروریہ کی نئی قیمتیں بھی مقرر کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خود اچانک مارکیٹوں اور بازاروں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لوں گا۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فلور ملز مالکان کو مختلف مقامات پر آٹے کے اسٹال لگانے کا پابند بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس افسران کو ہدایت کی کہ احترام رمضان آرڈیننس پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنائیں اور رمضان کے دوران کھلنے والی ہوٹلوں، ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ٹاؤن افسران اور محکمہ پبلک ہیلتھ افسران کو ہدایت کی کہ رمضان کے دوران صفائی ستھرائی اور پینے کے پانی کی گھر گھر فراہمی کو یقینی بنا‏ئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے حیسکو اور کے الیکٹرک افسران کو ہدایت کی کہ ماہ رمضان میں سحر و افطار کے اوقات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے گریز کریں۔ اجلاس میں پولیس، رینجرز، بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز، مارکیٹ کمیٹی، مینیجر یوٹیلٹی اسٹورز، محمکہ خوراک، پبلک ہیلتھ، صحت، کے الیکٹرک، حیسکو، لائیواسٹاک، پولٹری، فشریز، اینیمل ہسبنڈری، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز و مختیارکارز، ٹاؤن افسران، کریانہ مرچنٹ ایسوسیئش کے نمائندوں اور تاجر رہنماؤں سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Premium WordPress Themes