شدید گرمی، سبزیوں کی ہفتہ میں 2مرتبہ پیسٹ سکاوٹنگ، 6 سے 10دن کے وقفہ سے آبپاشی کی ہدایت

Published on May 17, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 84)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کوشدید گرمی کے باعث سبزیوں کی صحت مند فصل حاصل کرنے کیلئے 6 سے 10دن کے وقفہ سے آبپاشی اور جڑی بوٹیوں کی تلفی کی ہدایت کی ہے۔ ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ترجمان نے کہا ہے کہ کاشتکار کریلے اور موسم گرما کی دیگر سبزیوں سبز مر چ،گھیا توری، گھیا کدو وغیرہ سے جڑی بوٹیوں کی فوری تلفی کیلئے اقدامات کریں اور آخری گوڈی کے وقت پودوں کے ساتھ مٹی چڑھائی جائے اور بتر پیداوار کے حصول کیلئے 6 سے 10دن کے وقفہ سے آبپاشی کو بھی یقینی بنایا جائے جبکہ ہفتہ میں 2مرتبہ سبزیوں کی پیسٹ سکاوٹنگ کے بھی انتہائی مفید نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے اروی کے کاشتکاروں کوبھی فصل کی مناسب دیکھ بھال کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے 6 سے 7 دن کے وقفہ کے دوراں آبپاشی کریں اور خود رو پودوں کی تلفی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کریں۔انہوں کہا کہ اروی کی فصل میں جڑی بوٹیاں تیزی سے پرورش پاتی ہیں اسلئے جڑی بوٹیوں کی بروقت گوڈی کر کے انہیں فصل سے الگ کرنا چاہئے تاکہ وہ کھاد، آبپاشی اور فصل کی پیداوار میں نقصان کا باعث نہ بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ چونکہ پودوں کی بغل میں شگوفے جلد پھوٹ پڑتے ہیں اسلئے گوڈی کے دوران ان کو توڑ دینا چاہئے ورنہ کچالو زیادہ اور اروی کم بنے گی جس سے کاشتکاروں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے جب پودے 30 سے 50 سینٹی میٹر اونچے ہوجائیں تو کھیت کی زرخیزی کو مدنظر رکھتے ہوئے فصل کو ایک سے ڈیڑھ بوری امونیم نائٹ ریٹ فی ایکڑ ڈالنی چاہیے جس سے اروی کی بمپر کراپ حاصل ہوسکتی ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی سفارش کی کہ وہ گھریلو پیمانے پر کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت زیادہ سے زیادہ سبزیاں اگانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ سبزیوں کی تازہ اور صحت مند پیداوار حاصل ہو سکے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog