جے سالک کی سربراہی میں کچی آبادیوں کے مکینوں کا کچی آبادیوں پرظلم کے خلاف نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

Published on May 7, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 270)      No Comments

unnamed
اسلام آباد ( یو این پی/ ڈاکٹر سید صابر علی سے)کنوینئیر ورلڈ مینارٹی الائینس ، کنوینئیر اوورسیز اسمبلی پاکستان، سابق وفاقی وزیر اور نوبل پیس پرائز کے لئے نامزد امیدوار ڈاکٹر جے سالک کی سربراہی میں اسلام آباد کی کچی آبادیوں کے مکینوں کی بہت بڑی تعداد نے کچی آبادیوں پرظلم کے خلاف نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے سیاہ پرچم اور صلیبیں اٹھائی ہوئی تھیں۔اس موقع پرمظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جے سالک نے کہا کہ پاکستان بناتے وقت قائداعظم نے پنجاب، سندھ، کے پی کے اور بلوچستان کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کی حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں پرچم میں مکمل نمائندگی دی گئی تھی، لیکن موجودہ پاکستان میں پنجاب، سندھ، کے پی کے اور بلوچستان کی نمائندگی تو نظر آتی ہے پر فیڈریشن میں کہیں بھی اقلیتوں کی نمائندگی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو مکمل طور پر نظر اندازکیا جارہا ہے اور ملک کے کسی بھی شعبے میں انہیں تسلیم نہیں کیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی جمہوریت، جمہوریت کا راگ الاپنے والوں کے منہ پر بہت بڑا طمانچہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر قوم کو دھوکہ دیا جا رہا ہے اور اس مسلسل دھوکے نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے علمبرداروں، جمہوریت کے چیمپئنوں اور جمہوریت کے ٹھیکے داروں کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ اپنے رویے بدلیں کیوں کہ وہی ناانصافیاں جو ماضی میں ہندوستان کر رہاتھا اب وہی سب کچھ پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے حسی کا یہ عالم ہے کہ اقلیتوں کو کہیں بھی حقوق نہیں دئے جا رہے، حتٰی کہ میڈیا بھی اقلیتوں کے مطالبات کی کوریج بھرپورانداز میں نہیں کررہا جس سے اقلیتوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے اور اقلیتوں سے ان کے گھروں کو چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسیحیوں کی جائیدادوں (سکول، کالجوں) پر عرصہ دراز سے غیر قانونی قابض ہے اوراس حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے تک کو نظرانداز کیا جا رہا ہے جبکہ کچی آبادیوں کے غریب مکین جو کہ ہر سہولت سے محروم ہیں اوراسی حالت میں زندگی گزار نے پر مجبور ہیں، انہیں غیر قانونی قرار دیا جارہا ہے اور ان غریبوں سے ان کی چھت چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسیحیوں کو دی گئی تمام مراعات ،ان کی وزارت، فنڈز، سیاسی حقوق سب کچھ چھین لیا گیا حتیٰ کہ سینیٹیشن کے ادارے کو بھی ٹھیکیداری نظام میں دے کر اقلیتوں پر حد درجہ زندگی تنگ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں سے ان کے سیاسی حقوق کو چھین کر ان پر سب سے بڑا ظلم کیا گیا ہے کیوں کہ ملک بھر میں اقلیتوں کی کوئی حقیقی نمائندگی نہیں ہے اور جعلی نمائندگی سے انہیں بے وقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے آپریشن کا فیصلہ اقلیتوں کے خلاف بھیانک سازش ہے۔ عاصم سجاد ، جما عت اسلامی کے امیر زبیر فا روق نے بھی مظاہرے میں شرکت کی اوراس اہم معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Themes