پیٹرول میں اضافہ ناگزیر تھا اور معیشت کو بچانے کیلئے اس کے سوا کوئی چارہ نہ تھا مفتاح اسماعیل

Published on June 5, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 220)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)فیصل آباد کے تاجروںکے مطالبہ پر وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے فوری طور پر 30۔اپریل تک کے ڈی ایل ٹی ایل کے ساڑھے چالیس ارب روپے کے ریفنڈ کلیم ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے اور یقین دلایا ہے کہ سیلز ٹیکس کے ریفنڈ بھی فاسٹ ٹریک پر ادا کئے جائیں۔فیصل آباد کے وفد نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ کی قیادت میں وفاقی وزیر خزانہ سے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر، ڈاکٹر مصدق ملک، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری اور ایف بی آر کے نمائندے بھی موجود تھے۔ فیصل آباد کے تاجروں کے وفد کی قیادت فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے کی جبکہ اس میں سینئر نائب صدر عمران محمود شیخ، آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی کے ریجنل چیئرمین شفیق رفیع، پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ریجنل چیئرمین کاشف ضیائ، فیصل آباد چیمبر کے ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر خرم طارق، ڈائیز اینڈ کیمیکلزمرچنٹس ایسوسی ایشن کے شاہد مجید، آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سنٹرل چیئرمین عارف احسان ملک اور فیصل آباد چیمبر کے سیکرٹری جنرل نذیر احمد بھی شامل تھے۔ وزیر خزانہ نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور یقین دلایا کہ صنعتی فیڈروں کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیا جائے گا۔ پیٹرول کی قیمت میں دوبارہ اضافہ کے بارے میں وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ اضافہ ناگزیر تھا اور معیشت کو بچانے کیلئے اس کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے صنعتکاروں اور برآمدکنندگان کے مسائل پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومت کو معیشت کی ٹھوس بنیادوں پر بحالی کیلئے جامع اور طویل المدتی پالیسی تیارکرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سبسڈی نہیں مانگتے لیکن حکومت کا فرض ہے کہ وہ برآمدات بڑھانے کیلئے ہمیںیکساں مواقع مہیا کرے۔ انہوں نے صنعتی شعبہ کیلئے بجلی اور گیس کی موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے بند کی جانے والی گیس کو بھی فی الفور بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ سے صنعتی پیداوار متاثر ہو رہی ہے اس لئے بند پاور پلانٹس کو چلا کر لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题