حکومت خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات روکنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، عطااللہ تارڑ

Published on June 25, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 70)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)صوبائی وزیر داخلہ پنجاب عطااللہ تارڑنے کہا کہ حکومت خواتین اور بچوں کے ساتھ جنسی سمیت ہر قسم کی زیادتی کے واقعات روکنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے جبکہ اس ضمن میں نہ صرف جرائم کی روک تھام کیلئے زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی بلکہ ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے بھی تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ رات گئے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے دورہ کے دوران روشن والا میں زیادتی میں ناکامی پر ہمسایہ کی جانب سے آگ لگائے جانے کے باعث جھلس جانیوالی خاتون نتاشہ اوراسی طرح ایک اور واقعہ میں سابق شوہراعظم کی طرف سے دوسری شادی کرنے پر تیزاب پھینکے جانے سے جھلس جانیوالی خاتون یاسمین کی عیادت کے بعد یو این پی سے خصوصی گفتگو کے موقع پرریجنل پولیس آفیسر بابر سرفراز الپا، سٹی پولیس آفیسر سید علی ناصر رضوی، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف، ممبر صوبائی اسمبلی میاں اجمل آصف، وائس چانسلرفیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ظفر چوہدری، ایم ایس الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر محمد ارشد چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے ہسپتال کے حکام کومتاثرہ خواتین کو اعلیٰ معیار کی تمام ممکن طبی سہولیات بہم پہنچانے کی ہدایت کی۔انہوں نے خواتین کے اہل خانہ سے بھی علاج معالجہ کی سہولیات بارے دریافت کیا جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کے حوالے سے پولیس کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ آئندہ اس قسم کے واقعات کا اعادہ روکنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار روز میں ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پراسیکیوشن سے بات کرکے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے رہے ہیں تاکہ ایسے مقدمات کا جلد فیصلہ ہو اور ملزمان اپنے انجام کو پہنچ سکیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ ایسے جرائم پر حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے لہٰذا ان واقعات میں ملوث ملزم سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے جرائم کے بعد ایمرجنسی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں اور ایسے واقعات بارے عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کیلئے بھی اقدامات کو یقینی بنایا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان واقعات کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور اس ضمن میں متعلقہ حکام کو واضح ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے 600 ملازمین کا ڈومیسائل گجرات کا ہے جنہیں چوہدری برادران نے اپنے دور میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بھرتی کیااور وہ بجٹ اجلاس میں رکاوٹیں ڈالتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سپیکر پنجاب اسمبلی کے سامنے 48 گھنٹے درخواست کرتے رہے کہ بجٹ اجلاس میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے لیکن سپیکر پرویز الٰہی نے کہا کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس پنجاب کو پیش کروجبکہ پرویز الٰہی کایہ بھی مطالبہ تھا کہ لانگ مارچ کے دوران جو کیسز بنائے گئے وہ ختم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سپیکر کو آئینی و قانونی حدود وقیود میں رہتے ہوئے اسمبلی کی کاروائی چلانے کی گزارش کی مگر ان کا اصرار تھاکہ ان کے کیس ختم کئے جائیں تو بات آگے چلے گی پھر انہوں نے بجٹ میں ٹیکسز کا بہانہ گھڑ دیا مگر ہم نے کہا کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا اور ریکارڈ سبسڈیز دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوامی بجٹ دیا ہے جس میں 250 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب کوئی بحران نہیں ہے کیونکہ ہم بحرانوں سے بہت آگے نکل آئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ 2018 میں 4 فی صد پر افراط زرتھی مگر پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں سے اب 11 فی صد ہوئی لیکن دوسری جانب غریب پر مالی بوجھ کم کرنے کیلئے ہم نے آٹے پر 200 ارب روپے کی سبسڈی دی جبکہ خیبر پختونخواہ میں 80 سے 90ارب روپے سبسڈی بھی دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 25 ہزار روپے مقرر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 12کروڑ آبادی کے لیے تاریخی بجٹ دیاگیا ہے بلکہ آٹے کی طرح کھادوپبلک ٹرانسپورٹ پربھی سبسڈی دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے الاؤنسز سمیت تنخواہوں میں 30 فیصد کا اضافہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے بجٹ کے عوض سودے بازی کی گئی لیکن ہم نے اصولوں پر سمجھوتے سے گریز اور آئینی و قانونی راستہ اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ17 جولائی کو ہونیوالے ضمنی الیکشن فری اینڈ فیئر ہوں گے اور اس ضمن میں قواعد و ضوابط کو مد نظر رکھتے ہوئے پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے بھر پور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress主题