محکمہ زراعت پنجاب کی چنے کے کاشتکاروں کو منظور شدہ اقسام کا بیج کاشت کرنے کی ہدایت

Published on October 19, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 227)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ چنا ربیع کی ایک اہم پھلی دار فصل ہے۔ پنجاب میں تقریبًا 22 لا کھ ایکڑ رقبے پر چنے کی کاشت کی جاتی ہے جو ہمارے ملک میں چنے کے کل رقبے کا تقریبًا 80 فیصد ہے۔پنجاب میں چنے کا تقریبًا 92 فیصد رقبہ بارانی علاقوں میں کاشت کیا جاتا ہے جس میں زیادہ تر تھل بشمول بھکرخوشاب،لیہ، میانوالی اور جھنگ کے اضلاع شامل ہیں۔ ان اضلاع کے بارانی علاقوں کے کاشتکاروں کی معیشت کا انحصار زیادہ تر اسی فصل پر ہے۔چنا غذائیت کے اعتبار سے بھی ایک اہم جنس اور گوشت کا نعم البدل ہے۔ چنا ریتلی،میرا اور اوسط درجہ کی زرخیز زمین میں کاشت کریں۔کلراٹھی اور سیم زدہ زمین چنے کی کاشت کے لئے موزوں نہیں ہے۔کاشتکار چنے کی بہتر پیداوار کے لئے دیسی چنے کی ترقی دادہ اقسا م سٹار چنا،بٹل2021 ،تھل2020،بٹل2016 ،نیاب سی ایچ 104 ،نیاب سی ایچ2016 ،بھکر2011 ، پنجاب 2008 ،بلکسر2000 اور کابلی چنے کی ترقی دادہ اقسام روہی چنا2021 ،نور2019 ،ٹمن2013 ،نور2009 اور سی ایم2008 کا صحتمند بیج استعمال کریں۔چنے کی کاشت سے پہلے بیج کی سفارش کردہ سرائیت پذیر زہر اور جراثیمی ٹیکہ ضرور لگائیں۔چنے کی کاشت اٹک اور چکوال کے اضلاع میں جلد از جلد مکمل کر لیں جبکہ جہلم ،راولپنڈی ،گجرات اور ناروال میں 10نومبرتک اور تھل کے بارانی علاقوں میں 31اکتوبر اور آبپاش علاقوں میں 20اکتوبر سے15 نومبر تک مکمل کرلیں۔صوبہ پنجاب کے دیگر آبپاش علاقوں میں 20 اکتوبر تا15 نومبر مکمل کرلیں۔زیادہ زرخیز اور ستمبر کاشتہ کماد میں 10 نومبر تک چنے کی کاشت مکمل کرلیں۔چنے کی کاشت بذریعہ ڈرل یا پور مکمل کریںتاکہ بیج کی روئیدگی اچھی ہو سکے۔اس کے علاوہ قطاروں کا درمیانی فاصلہ 30 سینٹی میٹر جبکہ میرا اور زیادہ بارشوں والے علاقہ میں قطاروں کا درمیانی فاصلہ 45 سینٹی میٹر(ڈیرھ فٹ) اور پودوں کا درمیانی فاصلہ 15 سینٹی میٹر(6 انچ)ہونا چاہیے۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے چنے کے تصدیق شدہ بیج پر2 ہزار روپے سبسڈی بھی مہیا کی جا رہی ہے تاکہ چنے کی کاشت کو فروغ دیا جا سکے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme