بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد ، انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ و کمپوزٹ سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان

Published on October 20, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 201)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ و کمپوزٹ سالانہ (اول) 2022ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کی سادہ و پروقار تقریب سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ کی زیرصدارت سیکرٹری آفس میں منعقد ہوئی جس میں کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی’ڈپٹی سیکرٹری رجسٹریشن برانچ ڈاکٹر بابر ڈوگر’ اسسٹنٹ کنٹرولر سیکریسی محمد عارف سولگی’ سسٹم اینالسٹ محمد طارق ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس رانا خالد محمود خاں ‘ پروگرامر رضاء المصطفیٰ اور پی آر او ساجد حسین نقوی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10 بجے دن سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے بٹن دبا کر رزلٹ آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ .پر بھی اَپ لوڈ ہو گیا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے بتایا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ و کمپوزٹ سالانہ (اول) 2022 ء میں کل84276طلباء وطالبات شریک ہوئے جن میں سے66728پاس ہوئے اور یوں کامیابی کا تناسب79.18فیصد رہا انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد’ جھنگ’ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع کے طلباء وطالبات کیلئے 336 الگ الگ امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے ۔ کنٹرولر امتحانات نے کہا کہ حکومت پنجاب محکمہ ہایئر ایجوکیشن لاہور اور پی بی سی سی کی ہدایات کی روشنی میں اس سال ضمنی امتحانات کا سلسلہ موقوف کرتے ہوئے سالانہ امتحانات سیکنڈ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس میں پہلی بارآرٹس گروپ میں کمپوزٹ امتحان دینے والے طلباء طالبات بھی شرکت کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء وطالبات کی سہولت کے پیش نظر اب یہ بھی فیصلہ ہوا ہے کہ جو بچے جتنے مضامین میں فیل ہوں گے انہیں صرف انہی فیل مضامین کا ہی دوبارہ امتحان پاس کرنے کیلئے مزید تین چانس دیئے گئے ہیں جبکہ قبل ازیں تین مضامین میں فیل ہونے والا بچہ فل فیل تصور ہوتا تھا اور اسے تمام مضامین کا دوبارہ امتحان دینا پڑتا تھا۔ڈاکٹر محمد جعفر علی نے کہا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ (سیکنڈ) سالانہ 2022ء انشاء اللہ یکم دسمبر 2022ء سے شروع ہو گا جس کیلئے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم 2 نومبر’ دوگنا فیس کے ساتھ 7 نومبر اور تین گنا فیس کے ساتھ 10نومبر 2022ء تک ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد میں جمع کروائے جا سکیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میںبچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پی بی سی سی کے وضع کردہ سخت ایس او پیز کے مطابق مارکنگ کا عمل انتہائی احتیاط ‘ محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم و زیادتی نہ ہواور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے کیونکہ یہی بچے پاکستان کا شاندار مستقبل ہیں جو انشاء اللہ تعالیٰ کل کو وطن عزیز کی باگ ڈور سنبھالیں گے انہوں نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ کو یقین ہے کہ نتائج الحمداللہ شفاف اور غلطیوں سے مبراء ہیں تاہم طلباء وطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی حاصل ہے ایسے بچے جو اپنے حاصل کردہ نمبروں سے متعلق تذبذب یاغیریقینی صورتحال کا شکار ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد 15 دن کے اندر ری چیکنگ کی درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں ایسے طلباء وطالبات جن کی جوابی کاپیوں میں کوئی غلطی پائی گئی تونہ صرف ان کا تصحیح شدہ رزلٹ فوری جاری کیا جائے گا بلکہ انہیں ری چیکنگ کی ادا کردہ فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔علاوہ ازیں ترجمان بورڈ ساجد حسین نقوی کے مطابق اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے دفتری فون نمبر0412517710 پر رابطہ کر سکتا ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy