کامیڈی کے بے تاج بادشاہ ”سکندر صنم“ کوہم سے بچھڑے 10 برس بیت گئے

Published on November 6, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 54)      No Comments


کراچی(یواین پی) اپنی جداگانہ پرفارمنس کے ذریعے شائقین کو قہقہے لگانے پر مجبور کردینے والے پاکستان کے معروف کامیڈین سکندر صنم کو مداحوں سے بچھڑے 10 سال گزر گئے۔ ان کی اداکاری کو مداح آج بھی اسی شوق اور دلچسپی سے دیکھتے ہیں۔سکندر صنم نہ صرف ایک بہترین اداکار،اسٹیج آرٹسٹ،کامیڈین کنگ تھے بلکہ ایک اچھے گلوکار بھی تھے۔آپ کا اصل نام سیّد محمد سکندر جیت پوری تھا جنہوں نے کراچی کے علاقے کھارادرمیں 21 ستمبر 1960 کو آنکھیں کھولی۔آپ نے بچپن میں ہی اپنے کیریئر کا آغاز گلوکاری سے کیا تھا۔1981 میں اسٹیج کی دنیا میں قدم رکھا تو عوام کی جانب سے اتنا پیار اور پذیرائی ملی کہ محمد سکندرسے سکندر صنم بن گئے۔عوام کے پیار اور محبت کو دیکھتے ہوئے آپ نے فیصلہ کرلیا کہ اب آخری سانس تک اسی پیشے سے وابسطہ رہیں گے۔آپ نے بھارتی فلموں کی مزاحیہ انداز میں پیروڈی بھی کی۔تیرے نام پارٹ 2 کو پاکستان، ہندوستان سمیت دنیا بھر میں خوب پذیرائی ملی جس کے بعد گجنی 2،منا بھائی 2 جیسی دیگر فلموں نے عوام کو ہنسنے کا موقع فراہم کیا۔دنیا بھر سے پذیرائی ملنے کے بعد بھارت نے آپ کو انڈین لافٹر چیلنج میں شرکت کی دعوت دی جہاں پر آپ نے اپنے فن کا ایسا مظاہرہ کیا کہ انہیں کامیڈی کنگ کا لقب دیا گیا۔آپ نے اپنے کیریئر میں 33 پاکستانی اسٹیج ڈرامے،2 پاکستانی فلمیں،16 پیروڈی فلموں سمیت 3 انڈین شوز میں بھی اپنے اداکاری کے جوہر دکھائے۔2012 میں ڈاکٹرز نے جگر کے کینسر کی تشخیص کی جس کے بعدآپ کئی ہسپتالوں میں زیرِ علاج رہے۔ نومبر 2012 کو سول ہسپتال کراچی میں کینسر سے جنگ لڑتے لڑتے زندگی کی بازی ہار گئے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Theme