آرمی چیف کی تعیناتی اور الیکشن کے حوالے سے اس کا کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جا ئے گاطلال چوہدری

Published on November 18, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 61)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ نام نہاد لانگ مارچ کی آڑ میں عمران خان ملک میں سیاسی انتشار اور عدم استحکام کے ایجنڈے پرگامزن ہیں۔ آرمی چیف کی تعیناتی اور الیکشن کے حوالے سے اس کا کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جا ئے گا۔عام انتخابات کا انعقاد اپنے وقت پر ہوگا۔عمران خان کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔وہ مدینہ ٹاؤن فیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نفسیات ہے کہ وہ اقتدار کے وقت کو آزادی اور اگر کرسی چھن جائے تو اسے غلامی کہنا شروع کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا کردار اور قول و فعل کا تضاد سب کے سامنے ہے، کل تک جو شخص خود کو بڑا صادق اور امین کہتا تھا آج اس کے ایک اور جھوٹ اور فراڈ کا پردہ چاک ہوگیا ہے۔عمر فاروق نامی جس شخص کو سعودی حکومت سے ملنے والے انتہائی قیمتی تحفے اور گھڑی دوبئی میں شہزاد اکبر اور فرح گوگی کے توسط سے بیچی گئی اس نے سارا کچا چٹھا کھول دیا ہے نیزکمپنی کے مطابق عمران خان کی طرف سے بیچی گئی گھڑی کی اصل قیمت 260 کروڑ روپے ہے جسے اس نے صرف 2 کروڑ میں خرید کر اونے پونے بیچ کر نہ صرف گھڑی کا سودا کیا بلکہ ملکی وقار اور عزت کا بھی سودا کردیا۔طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ گھڑی کی خرید ظاہر کرنیوالا عمر فاروق فراڈیا ہے لیکن قوم پوچھتی ہے کہ اگر گھڑی خریدنے والا فراڈیا تھا تو بیچنے والا کون تھا۔ خان صاحب کہتے ہیں کہ گھڑی اسلام آباد میں بیچی۔اگر انہوں نے گھڑی اسلام آباد میں بیچی تو پھر وہ گھڑی، ہیرے جڑے ہوئے کف لنکس اور انگوٹھی دوبئی میں عمر فاروق نامی شخص کے پاس کیسے پہنچی لہٰذا اب عمران خان کو آئیں بائیں شائیں کرنے کی بجائے منی ٹریل اور اصل لوگوں سمیت حقائق عوام کے سامنے لانا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کی پرچ پیالیاں اور ٹشو پیپر باکس تک نہیں چھوڑے اورپورے کے پورے توشہ خانہ پر جھاڑو پھیرکر اربوں روپے لوٹ لئے اسلئے انہیں صادق اور امین نہیں کہا جاسکتا کیونکہ وہ ایک مستند چور اور فراڈیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ وہ یہ سٹوری چلانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کریں گے لیکن میں دعوے سے کہہ سکتا ہوں کہ جس طرح انہوں نے فنانشل ٹائمز کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی اسی طرح وہ اس سٹوری کو بریک کئے جانے پر بھی کوئی کاروائی نہیں کریں گے کیونکہ ان کا فراڈ اور جھوٹ عوام کے سامنے آچکا ہے۔انہوں نے وزیر آباد واقعہ کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ جس شخص کو 4 گولیاں لگی ہوں وہ کئی سو کلومیٹر دوراپنے ذاتی ہسپتال نہیں بھاگتا بلکہ قریب ترین مقام پر علاج کرواتا ہے نیز انہوں نے جو میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا وہ ان کے ذاتی ہسپتال کا بنا ہوا ہے ابھی تک ان کا کوئی سرکاری میڈیکل جاری نہیں کیا گیا وہ اسلئے کہ ان کے ایک اور جھوٹ کا پول نہ کھل جائے گا۔انہوں نے فواد چوہدری کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات کے ایک ٹویٹ پر نازیبا الفاظ استعمال کرنے کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ لوگوں نے اتنے کپڑے نہیں بدلے جتنی فواد چوہدری نے پارٹیاں بدلی ہیں اور یہ ایسا آلو ہے جو ہر دور میں ہر حکومت کی ہانڈی کی زینت بنتا ہے خواہ وہ ق لیگ کی حکومت ہو، پرویز مشرف کا دور ہو، عمران خان کے اقتدار کے ایام ہوں یا کوئی اور حکومت ہو یہ ایسی گوٹی ہے جو ہر جگہ خود کو فٹ کرلیتی ہے لیکن اب ان کی بداخلاقی کسی صورت برداشت نہیں کی جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کا فیصلہ ہوچکا ہے اور وہ ان شااللہ آئندہ الیکشن سے قبل پاکستان اور اپنے عوام کے درمیان ہوں گے

 

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes